جس طرح ایک برتن صاف کرنے کے لیے ہمیں اس سے کچرا نکالنا پڑتا ہے۔ اسی طرح ہمیں اچھا محسوس کرنے کے لیے ذہن کو صاف کرنا پڑتا ہے۔ نفرت (Hate) ایسا منفی جذبہ ہے جو آپ کا سکون چھین لیتا ہے۔ نفرت کا جذبہ خوشیوں کا دشمن ہے۔
نفرت کرنے والا شخص جس سے نفرت کرتا ہے وہ یہ سمجھ کے کرتا ہے کہ وہ اس سے بدلہ لے رہا ہے۔ حالانکہ جب بندہ نفرت کے احساس کو محسوس کر رہا ہوتا ہے اس وقت وہ خود منفی احساس میں ہوتا ہے۔
نفرت محسوس کرتے ہوئے آپ کے اندر منفی وائبز ہوتی ہیں، بے سکونی ہوتی ہے، کڑواہٹ ہوتی ہے۔ نفرت آپ کی فیصلہ سازی پر اثر انداز ہوتی ہے۔ بعض اوقات اچھا فیصلہ کرنے کے بجائے نفرت برے فیصلے کروا دیتی ہے۔
اگر آپ خوشیوں کو بڑھانا چاہتے ہیں، ذہنی صحت کو بہتر کرنا چاہتے ہیں تو نفرت ختم کر دیجئے۔
تین دن کے لیے نفرت ختم کیجئے اور اپنے اندر واضح فرق محسوس کیجئے۔ برے لوگوں، دشمنوں، سیاستدانوں، ظالموں اور جن جن سے آپ نفرت کرتے ہیں یا برے احساسات رکھتے ہیں، نفرت کو تین دن کے لیے ختم کر دیجیے۔ تین دن کے لیے اپنا اندر صاف کیجیے۔ آپ کے بُرا چاہنے یا نفرت کرنے سے باہر کی دنیا میں رتی برابر فرق نہیں آئے گا۔ لیکن اس سے آپ کا اندر منفی احساس کی آماجگاہ بن جائے گا۔
پہلی دفعہ نفرت ختم کرتے ہوئے شاید آپ کو مشکل پیش آئے لیکن پھر بھی کوشش کیجئے۔ ساتھ ہی تصور کیجئے کہ اگر آپ کے اندر سے نفرت ختم ہو جائے تو آپ کیسا محسوس کریں گے۔ آپ دنیا کو کیسے دیکھیں گے۔ ان خاص لوگوں کو کیسے دیکھیں گے۔ نفرت ختم ہوگی تو آپ کو زندگی سے محبت ہونے لگے گی۔ اپنا آپ محبت کی پناہ گاہ محسوس ہوگا۔
تین دن یہ مشق کیجئے۔ اگر آپ کو اچھی لگے اور فائدہ ہو رہا ہو تو اس کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیجئے۔
آگے آنے والی پوسٹوں میں مزید اقدام بتائے جائیں گے۔

جاری ہے
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں