ٹیلی نار پاکستان نے ملک بھر میں اپنے صارفین کی آسانی کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ ای سم متعارف کرا دی۔ ٹیلی نار ای سم ملک بھر میں اپنی نویت کی پہلی سم ہو گی جس کی خدمات حاصل کرنے کے لئے کسی قسم کی کاغذی کاروائی کی ضرورت نہیں ہو گی۔ ای سم جسے ایمبیڈڈ سم بھی کہا جاتا ہے ۔
ایک ڈیجیٹل سم ہے جس کی بدولت صارفین اپنی پسند کے موبائل پیکجز اور پلانز کا باآسانی انتخاب کر سکتے ہیں اور اس کے لئے انہیں روایتی سم کارڈ کی ضرورت بھی نہیں ہو گی۔ ای سم صارفین کو سم چوری ہونے یا اس کے غیر قانونی استعمال سے بچانے میں بھی تحفظ فراہم کرتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ صارفین نہ صرف متعدد موبائل نمبرز کو محفوظ بلکہ ای سم سہولت سے مطابقت رکھنے والے تمام آئی او ٹی گیجٹس بشمول سمارٹ فونز اور سمارٹ واچز پر ای سم کی خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔
اس موقع پر ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او خرم اشفاق نے کہا کہ عالمی سطح پر تیزی سے محفوظ اور ماحول دوست طرز زندگی کو اپنایا جا رہا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ ہماری نئی ای سم ان عالمی اقدار سے ہم آہنگ ہے، یہ پیپر لیس ڈیجیٹل ٹیکنالوجی روایتی سم کارڈ کی متبادل ہےاور پلاسٹک کے استعمال کو کم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی بھی کرتی ہے۔ ٹیلی نار پاکستان کی ای سم پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ دونوں صارفین کے لئے دستیاب ہو گی۔
ای سم خدمات کے حصول کے عمل کو انتہائی سادہ اور آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صارفین ان خدمات کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔ صارفین ٹیلی نار کے کسی بھی سیلز اور سروس سینٹر یا مجاز ریٹیلرز پر جا کر دیئے گئے کیو آر کوڈ کو اپنے موبائل فون سے سکین کرنے کے بعد فراہم کی گئی ہدایات پر عمل کر کے اپنی ای سم ایکٹیویٹ کر سکتے ہیں ۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں