انٹرنیٹ کی سُست روی اور مبینہ فائر وال کی تنصیب پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے پیر 26 اگست تک جواب طلب کرلیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں انٹرنیٹ کی سست رفتار اور مبینہ فائر وال کی تنصیب کے خلاف صحافی حامد میر کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست پر آج سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ’اس سے پہلے کہ ہم کوئی آرڈر جاری کریں، یہ بتائیں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے؟‘
عدالت میں پٹیشنر یعنی حامد میر کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ پیش ہوئیں۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے صحافی حامد میر کی درخواست پر ریمارکس دیے کہ ’آج کل انٹرنیٹ سست ہو گیا ہے؟ کون سی وزارت اس سے متعلقہ ہے، پتہ چلے کہ انٹرنیٹ سپیڈ میں کمی کی وجہ کیا ہے؟ اس متعلق پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے؟ کیا اس متعلق پی ٹی اے سے پوچھیں یا وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے؟‘
چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے اُٹھائے جانے والے ان سوالات کے جواب میں حامد میر کی جانب سے عدالت میں پیش ہونے والی ایڈووکیٹ ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی اے اس معاملے پر خاموش ہے۔‘
جس پر عدالت کی جانب سے ریمارکس دیے کہ ’سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری میں سے کس کو بلائیں؟‘
ایمان مزاری کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ عہدیداروں کو طلب کیا جائے اور اُن سے انٹرنیٹ کی سُت رفتار اور مبینہ فائر وال تنصیب کے حوالے سے پوچھا جائے تاکہ وہ عدالت کو آگاہ کریں کہ دراصل ہو کیا رہا ہے۔
جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ ’عدالت میں اُس کو بلائیں گے جو اس معاملے کا علم رکھتا ہو اور عدالت کو بریف کر سکے۔‘
عدالت کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئےپیر تک جواب طلب کرنے کے حکم کے ساتھ سماعت 26 اگست تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ انٹرنیٹ کے مبینہ غیر اعلانیہ خلل اور اس سے جڑے مسائل پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں صحافی حامد میر کی جانب سے دائر کی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’ذریعۂ معاش کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی کو آئین کے تحت بنیادی انسانی حقوق قرار دیا جائے اور ’شہریوں کے بنیادی حقوق متاثر کرنے والی فائر وال کی تنصیب کو روکا جائے۔‘
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں