• صفحہ اول
  • /
  • نگارشات
  • /
  • فیک گرو انڈسٹری اور آن لائن کاروبار کے سنہرے خواب/ڈاکٹر حفیظ الحسن

فیک گرو انڈسٹری اور آن لائن کاروبار کے سنہرے خواب/ڈاکٹر حفیظ الحسن

سوشل میڈیا پر آئے روز نئے سے نئے گرو اُبھرتے رہتے ہیں جو آپکو راتوں رات امیر ہونے کی ترکیبیں بتاتے ہیں اور اسکے ساتھ ہی اپنا کورس بیچتے ہیں۔ امریکہ میں فیک گرو انڈسٹری یا ٹرینڈ نیا نہیں۔ پاکستان میں البتہ انٹرنیٹ کی رسائی کے بعد یہ آج کل کافی چل رہا ہے۔

فیک گرو کون ہوتے ہیں اور انکا طریقہ واردات کیا ہوتا ہے؟
اگر ہم امریکہ کی مثال لیں تو وہاں آپکو پراپرٹی میں، آن لائن بزنس میں، کرپٹو کرنسی میں یا سٹاک ایکسچینج میں کئی فیک گرو ملیں گے۔ ان میں چند ایک مشہور Tai Lopez ، Dan Lok وغیرہ شامل ہیں۔۔آپ اگر چاہیں تو یوٹیوب پر جا کر انکے نام سرچ کریں اور پھر وہ مماثلت ڈھونڈیں جو پاکستان کے فیک گرو انکی نقل کر کے وہی طریقے، وہی جملے استعمال کرتے ہیں۔
فیک گرو کا طریقہ واردات یہ ہوتا ہے کہ وہ آپکو اپنا بہتر لائف سٹائل جس میں مہنگے گھر، گاڑیاں، فرنیچر اور کیا کیا دکھاتے ہیں جسکے ساتھ یہ بتایا جاتا ہے کہ اُنہوں نے یہ سب پیسہ ان سارے طریقوں سے بنایا جنکا اب وہ آپکو کورس بیچیں گے کیونکہ وہ چاہتے ہیں کہ اپ بھی اُنکی طرح راتوں رات امیر ہوں۔ یہ مہنگی گاڑیاں، اور مہنگے گھر کہاں سے آتے ہیں؟ یہ بتانا مشکل نہیں ۔۔امریکہ میں آپ کرایے پر مناسب قیمت میں کچھ دیر یا کچھ دنوں کے لیے سب لے سکتے ہیں ۔ اس طرح کے فیک گرو دراصل آپکی نفسیات کے ساتھ کھیل کر آپکو مرعوب کرتے ہیں کہ اللہ کا دیا انکے پاس سب کچھ ہے مگر ان میں دردِ دل ہے کہ آپکی مدد کریں آپکا کاروبار چمکائیں۔ لہذا اپ فوراً سے بھی پیشتر انکے چند ہزار روپوں یا چند سو ڈالر کے کورسز کریں۔
اب بندہ پوچھے کہ بھائی اتنے امیر ہو تو کورسز کاہے کو بیچ رہے ہو؟ اور جگہ جگہ اشتہارات کیوں دیتے پھرتے ہو کہ کورس کرو، کورس کرو۔

Advertisements
julia rana solicitors london

فیک گرو کی نشانیاں جن سے آپ انہیں پہچان سکتے ہیں اور انکے فراڈ سے بچ سکتے ہیں:
1. یہ ہر وقت، ہر چیز میں اپنے کورس کی بات کریں گے۔ یہ نہیں بتائیں گے کہ کورس کی قیمت کیا ہے۔ جیسے جیسے آپ انکے کورس کریں گے، انکے ایڈوانس کورسز میں قیمت بڑھتی جائے گی۔
2. یہ آپکو غریب ، کاہل اور ناکارہ کہیں گے اور خود کو دنیا کے کامیاب ترین لوگ۔ مقصد صرف ایک ہو گا کہ آپکو احساسِ کمتری کا شکار کر کے یہ اپنا کورس بیچیں۔
3. اگر آپ ان پر تنقید کریں گے یا انکی اصلاح کے لیے کچھ کہیں گے تو یہ آپکو کاٹ کھانے کو دوڑیں گے۔ ایک فیک گرو اور اصل معلم میں یہ فرق ہوتا ہے کہ معلم سکھانے کے عمل میں خود بھی سیکھ رہا ہوتا ہے۔ فیک گرو البتہ تنقید اور اصلاح پر باؤلے ہو جاتے ہیں۔
4. یہ اپنے فالورز اور چیلوں کو بداخلاقی کرنے اور دوسروں پر کیچڑ اچھالنے دیتے ہیں۔ انکا کام ایسے فالوورز بنانا ہوتا ہے جو انکی ہر بات پر واہ واہ کریں اور انکے مخالفوں کو جواب دیتے پھریں۔
5 یہ آپ ہی کی کمزوریوں کو جو آپ انہیں بتاتے ہیں عوام میں شئیر کر کے مثالیں دیتے ہیں کہ ایسا نہ بنو، یہ آپکی تضحیک سرِ عام کرتے ہیں، یہ آپکو ناکامی کا نمونہ دکھا کر بتاتے ہیں کہ یہ ٹھیک تھے، اِنکا طریقہ بھی ٹھیک تھا، مسئلہ دراصل آپ میں تھا۔
6. یہ آپکو انسان نہیں سمجھتے، انکے لئے بس آپ انکو اپنے کورسز کے ذریعے پیسہ دینے والی مشینیں ہوتی ہیں۔ ایک اُستاد یا معلم ہر کسی کو اُسکی سوچ اور زندگی کے جدوجہد کے مطابق سمجھاتا ہے۔ مگر یہ ہر کسی کو ایک ہی منجن بیچتے پھرتے ہیں جو انکا کورس ہوتا ہے کہ یہ کر لو تو زندگی سنور جائے گی۔
7 یہ آپکو بتاتے ہیں کہ انکے پاس کامیابی کے وہ راز اور وہ علم ہے جو آپ کبھی حاصل نہیں کر سکتے اور وہ یہ علم خاص طور پر آپکو دے رہے ہیں تاکہ آپ بھی انکی طرح “امیر” ہو جائیں۔
اسطرح کی کئی اور نشانیاں ان فیک گرو ٹائپ فراڈیوں کی موجود ہیں۔ بس ذرا عقل استعمال کیجیے اور لالچ میں مت آئیں تو انکے فراڈ سے بچا جا سکتا ہے۔
اگر آپ نے کوئی سکلز یا کسی بھی چیز کے بارے میں سیکھنا ہے تو انٹرنیٹ ، یوٹیوب پر ہزاروں کیا لاکھوں کی تعداد میں مفت کورسز موجود ہیں۔ ایلان مسک نے راکٹ ٹیکنالوجی کسی گرو سے نہیں سیکھی تھی۔ آپکو سیکھنے کے لیے فیک گروؤں کی ہرگز ضرورت نہیں جو اپنے چند ٹکوں کے کورسز کے پیچھے آپکی جمع پونجی لٹوا دیتے ہیں۔ آپ نے امیر ہونا ہے؟ راتوں رات نہیں ہو سکتے۔ آپ نے سکلز سیکھنی ہیں۔۔انٹرنیٹ پر مفت کورسز موجود ہیں۔ آپ نے زندگی کے لیے کوئی موٹیوشن لینی ہے؟ اپنے گھر والوں، فیملی، دوستوں کیساتھ وقت گزاریں، سیاحت کے لیے پرفضا مقامات پر جائیں، کچھ نیا سیکھیں، مشغلے اپنائیں۔۔علم سے دوستی کریں۔
مگر خدارا ان فیک گروؤں کے جھانسے میں مت آئیں جنکا واحد مقصد آپکے بل بوتے پر امیر ہونے کے کورس بیچ کر اپنا پیسہ بنانا ہے۔
اور ہاں فیک گرو اور اصل بزنس مین میں یہ فرق ضرور ہوتا ہے کہ اصل بزنس مین کبھی پرائیویٹ جیٹ یا مہنگی گاڑیوں میں بیٹھ کر پیسے کی نمائش کرتے ہوئے آپکو اپنا کورس نہیں بیچتے۔ بل گیٹس، ایلان مسک یا مارک زکربرگ کو میں نے تو آج تک اس طرح سے پیسہ لہراتے اور کورس بیچتے دیکھا ہے۔
فیک گرو اور انکے طریقہ وارات کے بارے میں مزید جاننے کے لیے اپ ان ویڈیو کو دیکھ سکتے ہیں (معذرت کے انگریزی میں ہیں) ۔ مگر لبِ لباب یہ ہے کہ اگر آپکو اپنا پیسہ عزیز ہے تو ان سے اور انکے چیلوں سے بچ کر رہیں۔ خود علم سیکھیں۔ خوش رہیں۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply