محبت کے ڈپریشن سے باہر آئیے/وسیم قریشی

وہ آپ کو چھوڑ گیا ہے؟ تو جانے دیجیے نا۔ کیوں کہ جو آپ کا تھا ہی نہیں اس کے چلے جانے پر ماتم کیوں؟ جو آپ کیلئے بنا ہی نہیں تھا اس کے جانے پر آپ خود میں خامیاں تلاش کرنے سے کیا حاصل کر لیں گی؟
وہ آپ کو چھوڑ گئی ہے؟ تو جانے دیجیے نا۔ کیوں کہ جو آپ کی تھی نہیں اس کیلئے بازو پر کٹ لگا کر آپ بڑے عاشق بننا چاہتے ہیں؟
اگر یہ ماتم ، یہ رونا دھونا اور پیٹنا کسی بھی طرح سے آپ کے مفاد میں ہے تو بتائیے؟ اگر ایسا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ مل کر اس ماتم میں شریک ہونے کیلئے تیار ہوں۔ پھر میں آپ کو یہ دعا دینے پر آمادہ ہوں کہ آپ سدا اسی طرح ماتم کرتے رہیں۔
لیکن اگر اس عمل سے آپ کو کوئی فائدہ حاصل نہیں اور صرف نقصان ہی آپ کے حصے میں آئیں گے تو پھر یہ گھاٹے کا سودا کیوں کر رہے ہیں؟ بہتر ہے کہ کوئی فائدہ حاصل ہونے والی راہ تلاش کیجیے کوئی ایسا کام کریں جو آپ کو مصروف رکھنے میں معاون ثابت ہو کیونکہ آپ کے مسئلے کا یہ ایک واحد حل ہے۔

آپ محبت کے غم میں مبتلا ہیں یا عاشقی آپ کا درد بن گئی ہے تو اپنی مصروفیات میں اضافہ کیجیے۔ کم از کم چار سے چھ ماہ اپنی مصروفیات اس قدر بڑھا دیں کہ آپ کے پاس جانے والے کو سوچنے کا وقت ہی نہ رہے۔ یقین کریں آپ کے اس مرض کی یہ واحد دوا ہے اور قیمتی نسخہء بھی ہے۔ اگر محبت کی منزل آپ کے لیے زندگی کے مقصد سے زیادہ اہم ہے تو یقیناً آپ خسارے میں ہیں۔ اپنی زندگی میں محبت ضرور کیجیے اسے حاصل کرنے کی ہر ممکن کوشش بھی ضرور کریں لیکن یاد رکھیں کہ آپ کا ” مقصد حیات” ہمیشہ آپ کی محبت کی منزل سے زیادہ اہم اور بڑا ہونا چاہیے کیونکہ بڑی منزل کے مسافر ہر مشکل میں مسکراتے ہوئے آگے بڑھ جاتے ہیں وہ جانتے ہیں کہ کسی کے جانے سے زندگی رک نہیں جاتی۔ وہ جانتے ہیں کہ کوئی بھی شخص ” حرفِ آخر” نہیں ہوتا۔ وہ جانتے ہیں کہ مسافر کیلئے چلتے رہنا شرط ہے اور ٹھہر جانا اصل منزل کی موت ہے۔

یاد رکھیے کہ محبت سدا رہتی ہے یہ آپ کے ساتھ چلتی رہے گی لیکن چہرے اور کردار بدل جائیں گے۔ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ کسی ایک کے جانے سے ان کے جذبات واحساسات منجمد ہو گئے ہیں وہ اندر سے ختم ہو گئے ہیں۔ وہ غلط فہمی کا شکار ہیں۔ وقتی طور پر ایسا لگتا ہے اور یقین کیجیے یہی وقت آپ کیلئے اہم اور قیمتی ہوتا ہے کچھ عرصے کیلئے یہ جذبات منجمد ہو جائیں اسی میں آپ کی بہتری ہے۔ جب زندگی کے کسی موڑ پر آپ کو بہترین شخص ملے گا تو یہ جذبات واپس مزید شدت سے پلٹیں گے۔ اس شخص کا انتظار کیجیے جو آپ کا حاصل ہوگا جو تقدیر کا لکھا ہوگا وہی اصل حق دار ہے ۔ لاحاصل شخص کی تمنا انسان کو حاصل کی لذت سے محروم کر دیتی ہے۔ تقدیر سے جنگ کرنے کی کوشش مت کریں یہ پتھر سے سر ٹکرانے والی بات ہے تو ظاہر ہے آپ کا سر ہی زخمی ہوگا پتھر کا کچھ نہیں بگڑے گا۔

آج ہی ایسے شخص کو ہر جگہ سے بلاک کر دیں۔ اپنے پاس موجود اس کی تصاویر ، ویڈیوز یا چیٹ وغیرہ ہر طرح کا مواد ڈیلیٹ کر دیں۔ ایسا کرتے ہی اپنی مصروفیات میں اضافہ کیجیے۔ بنا تنخواہ پر بھی کوئی جاب کرنی پڑے تو خوشی سے کر لیں۔ تجربہ حاصل ہوگا ، سیکھنے کا موقع ملے گا اور مصروفیات میں اضافہ ہونے کی وجہ سے آپ خود ہی اس غم سے باہر نکل آئیں گے۔ ویلے بیٹھے رہیں گے اس کی تصاویر دیکھیں گے بار بار چیٹ پڑھیں گے اس کی پروفائل کھول کر دیکھیں گے تو ساری زندگی اس کی جانب سے ملنے والی اذیتیں آپ کے پلو سے بندھی رہیں گی۔

یوٹیوب پر فری کورسز جوائن کریں۔ فیس بک پر فری کورس کروانے والوں کو فالو کریں۔ سیکھنے سکھانے میں خود کو مصروف رکھیں اور اپنا پیشن ، ٹیلنٹ یا مقصد دریافت کریں خود کو جان لیں اپنی پہچان بنانے کیلئے اپنے آپ کو جاننا شرط ہے۔

مستقبل میں آپ کوئی” تاج محل” بنانا چاہتے ہیں یا پھر کوئی کالج یا یونیورسٹی؟ آپ محبت پر درد بھری داستان لکھ کر نوجوانوں کو مایوس کرنا چاہتے ہیں یا پھر علم و ادب پر کوئی کتاب لکھ کر انہیں نئی راہوں سے روشناس کرانے کا عزم رکھتے ہیں؟ آپ مر گئے ، مٹ گئے ، لٹ گئے ، محبت تیرا بیڑہ غرق ہو وغیرہ وغیرہ کہنے والے ملنگ ، مجنوں بننا چاہتے ہیں یا اس درد میں بھی کسی منزل پر اپنے قدموں کے نشان ثبت کر کے کامیابی کی داستانوں میں لکھے گئے کوئی کردار بن کر امر ہونا چاہتے ہیں؟ آپ آنے والی نسلوں کیلئے ناکام عاشقوں کی فہرست میں اضافہ کرنا چاہتے ہیں یا پھر ان کیلئے کوئی مثبت عمل ، کوئی بہترین آئیڈیا ، کوئی اعلی تصنیف ، کوئی انقلابی نظم لکھنا چاہتے ہیں ؟
انتخاب آپ کا اپنا ہے ۔۔۔۔

بس ایک آخری کام ضرور کریں کہ سجدے میں گر کر یا گھٹنوں کے بل بیٹھ کر ایک بار سچے دل سے کہہ دیجیے

” میرے اللہ! میں تجھ سے راضی ہوں بس تو بھی مجھ سے راضی ہو جا۔ میں تقدیر کے اس فیصلے پر سر تسلیم خم کرتا ہوں مجھے سکون عطا فرما آمین” ۔۔
آپ کی زندگی میں بہتر سے بہترین کا سفر شروع ہوا چاہتا ہے ۔

Advertisements
julia rana solicitors

بشکریہ فیس بک وال

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply