وزیر اعظم شہباز شریف نے 40 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل جتوانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔
ارشد ندیم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی جس میں ارشد ندیم ، ان کے اہل خانہ اور حکومتی وزرا اور دیگر شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کی اس محفل اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام کے ہیرو ارشد ندیم ہیں، آج انتہائی فخر اورخوشی کا لمحہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ارشد ندیم نے جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے ، ان کی جیت نے پوری پاکستانی قوم کو ایک نیا حوصلہ دیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمالیہ نما چیلنجز کا مقابلہ کریں گے، حکومت کھیلوں کے میدان میں کیا اقدامات کرسکتی ہے اس حوالے سے کمیٹی بنائی جا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت نے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ارشد ندیم کیلئے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ میں ارشد ندیم کیلئے 15 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتا ہوں،ارشد ندیم کی انعامی رقم پرٹیکس کی کٹوتی نہیں ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایف 9 اورایف 10 کے درمیان سڑک کا نام ارشد ندیم روڈ رکھا جارہا ہے اور جناح سٹیڈیم میں ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اکیڈمی بنانے کا اعلان کرتا ہوں۔
وزیراعظم نے کھلاڑیوں کیلئے ایک ارب روپے کے انڈومنٹ فنڈ کا بھی اعلان کیا اور ساتھ ہی ارشد ندیم کو ہلال امتیاز سے نوازنے کا بھی اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈومنٹ فنڈ سے کھلاڑیوں کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔
دوسری جانب ارشد ندیم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں،پورے پاکستان نے میرا استقبال میری محنت سے زیادہ کیا، جو عزت کھلاڑی کو دی جاتی ہے وہ سب سے اہم ہوتی ہے ۔
ارشد ندیم نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کے اللہ تعالی نے گولڈ میڈل جتوایا ہے، 14 اگست گولڈ میڈل کے ساتھ منائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مجھے فٹ رکھے میں ورلڈ ریکارڈ قائم کروں گا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں