جنسی حملوں سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر

خواتین جب باہر نکلتی ہیں تو انہیں اپنی حفاظت کا سب سے بڑا خطرہ درپیش ہوتا ہے۔ ملازمت پیشہ خواتین کے ساتھ مرد ساتھیوں کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کرنے کے واقعات عام ہیں اور اس کے لیے مختلف ممالک میں کئی قوانین اور بل بھی پاس کیے جا چکے ہیں۔

اگر ان واقعات کی روک تھام نہ کی جائے تو یہ بڑے حادثات کا سبب بن جاتے ہیں۔

ملازمت کی جگہوں جیسے آفس یا فیکٹریز کے علاوہ بھی جب خواتین باہر نکلتی ہیں تو انہیں کئی خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔ یہ خطرات اس وقت اور بڑھ جاتے ہیں جب گھر واپسی کے دوران رات ہوجائے اور خواتین کو اکیلے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنا پڑے۔

اسی طرح بلند و بالا عمارات میں لفٹ کے اندر بھی خواتین کے ساتھ زیادتی یا جنسی ہراسگی کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔

ان واقعات سے بچنے کے لیے کچھ احتیاطی تدابیر کی ضرورت ہے جو ہر باہر نکلنے والی خاتون کو اپنانے چاہئیں۔ آئیے دیکھتے ہیں کہ وہ احتیاطی تدابیر کیا ہیں۔


گھر میں اکیلی ہوں اور کوئی اجنبی گھس آئے

 

ماہرین کے مطابق اس وقت بچاؤ کا سب سے بہترین حل کچن کی طرف بھاگنا ہے۔ صرف آپ ہی جانتی ہیں کہ آپ کے کچن میں چھری، کانٹے اور تیز مصالحہ جات جیسے لال مرچ یا ہلدی وغیرہ کہاں رکھے ہیں۔ یہ سب بچاؤ کے لیے بہترین ہتھیار ثابت ہوسکتے ہیں۔

اگر اس کا موقع نہ ملے تو کچن میں موجود برتن حملہ آور کی طرف پھینکنا شروع کردیں۔


رات کے اوقات میں لفٹ استعمال کرتے ہوئے

 

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ رات کے وقت تنہا ہیں اور آپ کو کسی بلند عمارت میں لفٹ استعمال کرنے کی ضرورت پیش آئی ہے تو لفٹ میں داخل ہو کر تمام بٹنز دبا دیں۔

مثال کے طور پر اگر آپ کو تیرہویں منزل پر جانا ہے تو ایک سے لے کر 13 تک تمام منزلوں کے بٹن دبا دیں۔ ایسے موقع پر کوئی بھی شخص ایسی لفٹ میں کوئی غلط حرکت کرنے سے باز رہے گا جو ہر منزل پر رک رہی ہو اور اس کا دروازہ کھل رہا ہو۔


رات کے وقت رکشہ یا ٹیکسی میں سفر کرتے ہوئے

 

رات کے وقت رکشہ یا ٹیکسی میں سفر کرتے ہوئے مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کریں۔

گاڑی کا رجسٹریشن نمبر نوٹ کرلیں۔

اس کے بعد اپنے کسی قریبی عزیز یا دوست کو فون ملائیں اور ایسی زبان میں جو ڈرائیور سمجھ سکے، یہ تمام معلومات فراہم کردیں۔

اگر کوئی آپ کا فون نہیں اٹھا رہا تب بھی ایسے ہی ظاہر کریں کہ آپ فون پر کسی سے بات کر رہی ہیں۔

اب ڈرائیور جان جائے گا کہ اس کی تمام معلومات کسی شخص کے پاس ہیں اور اگر آپ کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو وہ سخت مشکل میں پڑجائے گا۔

اس طریقہ سے ایک ممکنہ مجرم آپ کا محافظ بن جائے گا کیونکہ آپ کو صحیح سلامت آپ کی مطلوبہ جگہ پر پہنچانے کی ذمہ داری اس کی ہوگی۔


سفر کرتے ہوئے ڈرائیور اجنبی راستوں پر لے جائے تو کیا کریں

 

اگر رکشہ یا ٹیکسی میں سفر کرتے ہوئے آپ کو لگے کہ ڈرائیور نے کسی اجنبی اور سنسان جگہ گاڑی موڑ لی ہے تو ایسی صورت میں اپنے بیگ کے ہینڈل یا ڈوپٹے / اسکارف کو ڈرائیور کی گردن کے ساتھ لپیٹ کر پوری قوت کے ساتھ پیچھے کھینچیں۔ چند ہی سیکنڈز میں اس کا دم گھٹنے لگے گا اور وہ بے یار و مددگار ہوجائے گا۔

اگر آپ کے پاس ہینڈل والا پرس یا ڈوپٹہ نہیں ہے تو یہی عمل ڈرائیور کے کالر کے ساتھ انجام دیں۔ اس کی شرٹ کا اوپری بٹن یا گلا بالکل یہی نتائج دے گا۔


سنسان راستے پر کوئی شخص گھورے

 

ایسی صورت میں کسی قریب موجود اے ٹی ایم پر چلی جائیں۔ اے ٹی ایم سینٹرز میں عموماً 24 گھنٹے سیکیورٹی گارڈ موجود ہوتے ہیں۔ اگر سیکیورٹی گارڈ نہیں ہے تب بھی وہاں سی سی ٹی وی کیمرہ لازماً موجود ہوگا۔

اب مجرم کیمرے میں اپنی شناخت ہونے کے ڈر سے اپنے غلط ارادے سے باز رہے گا۔


شور مچائیں

 

یاد رکھیں غلط حرکت کرنے والا شخص کبھی نہیں چاہتا کہ وہ پکڑا جائے۔ جیسے ہی وہ آپ کی طرف غلط ارادے سے بڑھے زور زور سے چیخنا چلانا شروع کردیں۔

اسی طرح جنسی طور پر ہراساں کرنے والے شخص سے بھی بلند آواز سے باز پرس کرنا یا ڈانٹ دینا اسے اپنے ارادے سے باز رکھ سکتا ہے۔

مزید کیا احتیاط کی جاسکتی ہے

ایک احتیاط جو بچوں کو بتائی جاتی ہے آپ بھی اس پر عمل کریں۔ اجنبی افراد یا ایسے افراد جن سے آپ سڑک یا بس میں پہلی بار ملے ہوں اور ان سے چند منٹ گفتگو کی ہو، کبھی بھی پانی، جوس یا کھانے کی اشیا نہ قبول کریں۔

اگر کسی دکان سے پانی کی بوتل یا جوس لے رہی ہوں اور وہ سیل نہ ہو، کھلا ہوا ہو تو اسے بھی واپس کردیں اور اس جگہ سے دور چلی جائیں۔

اپنے موبائل میں ایسی سیٹنگ رکھیں کہ ایک بٹن دبانے پر ایک ہنگامی پیغام آپ کے گھر کے کسی فرد کو فوری چلا جائے۔ کسی خطرے کو محسوس کرتے ہی اس بٹن کو دبا دیں۔

کالی مرچوں کا اسپرے جو بآسانی بازار سے دستیاب ہوگا ہر وقت اپنے ساتھ رکھیں۔ یہ آپ کو کسی قانون شکنی پر مجبور نہیں کرے گا اور کسی خطرے کی صورت میں آپ کی جان بھی بچائے گا۔

باہر نکلتے ہوئے ذہنی طور ہنگامی صوتحال کے لیے تیار رہیں تاکہ آپ الرٹ رہ سکیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

رات کو بلا ضرورت اکیلے باہر نکلنے سے بھی گریز کریں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply