پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے قومی ہیرو ارشد ندیم میاں چنوں میں اپنے گھر پہنچے تو اہل علاقہ کی طرف سے سرپرائز دیا گیا، فقیدالمثال استقبال کیا گیا، قومی ہیرو ارشد ندیم نے بھی سب کے دل جیت لئے اپنی والدہ کے قدموں کو بوسہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق گھر پہنچتے ہی ارشد ندیم نے ماں کے قدموں کا بوسہ لیا، ماں نے اپنے لعل کو گلے لگالیا، ارشد نے ماں کو کاندھے پر اٹھالیا، رشتے داروں اور دوستوں نے پھول نچھاور کیے۔
ماں سے والہانہ محبت کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور سرحد پار سے بھی سوشل میڈیا صارفین نے جذباتی تبصرے کیے۔
دوسری جانب ارشد ندیم کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال کیا، جگہ جگہ پرستاروں کا ہجوم رہا، پھولوں کی بارش ہوئی، پیرس سے روانہ ہونے والے ارشد ندیم کو اپنی دہلیز تک پہنچنے میں 24 گھنٹے لگے لیکن والہانہ استبقال نے ارشد ندیم کی ساری تھکن دور کردی۔
اپنے شہر پہنچنے پر جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ قوم نے پیرس اولمپکس کی پرفارمنس سے بڑھ کر ان کا استقبال کیا، وہ اگلے اولمپک کے لیے بھی اسی جوش و جذبے سے تیاری کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں