کائنات میں بڑھتی بدنظمی/محمد علی افضل

سیکنڈ لا آف تھرمو ڈائنامکس فزکس کا ایک دلچسپ مگر خوفناک قانون ہے۔اس کی کئی تعریفیں ہیں لیکن بنیادی طور پر یہ تین چیزوں کو ڈیل کرتا ہے۔ انرجی ، ٹمپریچر ، اور انٹروپی۔ انرجی اور ٹمپریچر تو معروف اصطلاحیں ہیں۔ انٹروپی Entropy اتنی زیادہ رائج نہیں ہے۔ انٹروپی دراصل بدنظمی کو کہا جاتا ہے۔یہ بھی مندرجہ بالا دونوں عوامل کی طرح ایک کائناتی مظہر ہے۔ انٹروپی اور اس کے عمل دخل پر تھرموڈائنامکس میں کتابیں بھری پڑی ہیں مگر خلاصہ یہ بنتا ہے کہ انٹروپی فقط ایک ہی سمت میں سفر کرتی ہے۔ یہاں سفر سے مراد انٹروپی کو متحرک دکھانا نہیں ہے بلکہ یہ بتانا مقصود ہے کہ انٹروپی کی قیمت ہمیشہ بڑھتی ہی جاتی ہے۔ یہ کبھی بھی کسی بھی صورت کم نہیں ہوسکتی۔کائنات بننے سے پہلے اور بگ بینگ کے وقت انٹروپی کی مقدار اتنی کم تھی کہ ہم اسے اپنی آسانی کی خاطر بالفرض صفر کہہ لیتے ہیں۔ یعنی نہ ہونے کے برابر۔ اگرچہ انٹروپی کی اصل ویلیو اس وقت کیا تھی ہم ہرگز نہیں جانتے۔فقط اتنا جانتے ہیں کہ بدنظمی کی مقدار وہ تھی جو کم سے کم احاطہ امکان میں آسکتی تھی۔وقت کے اس نقطہ سے لے کر آج اور ابھی تک اور آئندہ جب تک ہماری کائنات (یہاں صرف ہماری کائنات کی بات ہورہی ہے۔ تمام کی نہیں) باقی ہے انٹروپی کی مقدار بڑھ رہی ہے۔ سیکنڈ لا آف تھرموڈائنامکس کے مطابق ہر کائناتی عمل توانائی سے عبارت ہے۔توانائی باقی نہ رہے تو یہ نگار خانہ بشمول اپنے تمام طلسم ہوشربا کے یک لخت ایک جھپاکے سےبجھ جائے۔
ہر گزرتے لمحے میں توانائی کارفرما ہے۔ یہ ایک شکل سے دوسری شکل میں تبدیل ہورہی ہے۔ قانون بقائے توانائی کے مطابق توانائی کو نہ تو پیدا کیا جاسکتا ہے نہ ہی فنا کیا جاسکتا ہے فقط ایک شکل سے دوسری شکل میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔اور یہ تمام کائنات اور اس کے تمام جلوے صرف توانائی کے مختلف اشکال میں تبادلے کے رہین منت ہیں۔ سب کچھ جو کائنات میں ہورہا ہے وہ توانائی کا مختلف بہروپ بدلنے سے ہے۔مادہ بذات خود توانائی کی ایک شکل ہے۔کائناتی سطح سے لے کر کوانٹم مکینکس میں سٹرنگ کی سطح تک یہی کچھ کارفرما ہے۔ ہماری زمین پر جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ بھی اسی وجہ سے رونما ہورہا ہے۔کسی بھی قدرتی عمل میں انٹروپی کا بڑھنا ایک اٹل حقیقت ہے۔

سیکنڈ لا آف تھرمو ڈائنامکس کے مطابق ہر عمل کے دوران انٹروپی بڑھ رہی ہے اور کائناتی درجہ حرارت کا فرق کم ہورہا ہے۔ کائنات میں جو تعاملات ، حرکت پذیری ، ستارے ، سیارے ، بلیک ہول ، گھومتی بھاگتی کہکشائیں ہیں سب درجہ حرارت کے فرق کے باعث رونما ہے۔ زمین پر زندگی اور جدید مشینیں سب اسی درجہ حرارت کے فرق کے باعث کام کر رہی ہیں۔ ہر لحظہ درجہ حرارت کا یہ فرق کم سے کم ہوتا جا رہا ہے اور کائناتی بدنظمی بڑھ رہی ہے۔ایک وقت آئے گا جب درجہ حرارت کا یہ تفاوت بالکل ختم ہوجائے گا۔تمام کائنات کا درجہ حرارت یکساں ہوگا۔ تمام حرکت ، تمام کہکشائیں اور تمام تر کائناتی ایکٹویٹی رک جائے گی۔ کیونکہ اس وقت انٹروپی کی مقدار اپنی بلند ترین سطح کو چھو لے گی۔ اس وقت کوئی راستہ کوئی طریقہ ایسا نہ ہوگا جس سے انرجی ایک شکل سے دوسری شکل میں تبدیل ہوسکے۔دنیا بھر میں موجود تمام مشینیں جب کام کرتی ہیں تو انرجی کی ایک شکل کو دوسری میں تبدیل کرتی ہیں اور اس دوران بہت سی انرجی ضائع بھی ہوتی ہے۔ اس لئے کسی بھی مشین کی پرفارمنس سو فیصد نہیں ہوسکتی۔دنیا کی تمام تر مشینین بنیادی طور پر انجن ہیں۔ اور انجن ہی کے اصول پر کام کرتی ہیں۔ مگر جب انٹروپی میکسیمم ہوجائے گی تو کوئی مشین اور کوئی حیات کارگر نہ رہے گی۔ انٹروپی کی یہ بلند ترین مقدار ایک   ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سینکڈ لا آف تھرمو ڈائنامکس کہتا ہے جس دن یہ مقدار اچیو ہوگئی اسی لمحے موجودہ کائنات کا اختتام ہوجائے گا۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply