) چین کی ایک فرم نے سمندری طوفانوں سے نمٹنے کے لیے دنیا کی سب سے بڑی ونڈ ٹربائنز لانچ کی ہیں، جو شدید کیٹیگری 5 طوفان کے دوران بھی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ منصوبہ چینی کمپنی منگ یانگ سمارٹ انرجی کی طرف سے تیار کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ملک کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
منگ یانگ سمارٹ انرجی کے دیو قامت ’اوشن ایکس‘ پلیٹ فارم دو ونڈ ٹربائنز پر مشتمل ہے جو انگریزی حرف وی (V) کی شکل کے ڈھانچے پر نصب ہیں۔ یہ ٹربائنز 16 میگا واٹ سے زیادہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ کمپنی نے جنوبی چین کے ساحلی شہر گوانگزو میں یہ پلیٹ فارم نصب کیا ہے، جو سالانہ 54 ہزار میگا واٹ آر بجلی پیدا کر سکتا ہے۔ یہ مقدار ہر سال چین کے 30 ہزار گھرانوں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے کافی ہے۔
کمپنی نے سب سے پہلے 2020 ء میں چھوٹے 1:10 سکیل پروٹو ٹائپ کا تجربہ کیا تھا اور رواں سال اپریل میں اوشن ایکس پلیٹ فارم کی اصل حجم کے ساتھ تنصیب مکمل کی۔ اس پلیٹ فارم میں کاؤنٹر گھومنے والے روٹرز شامل ہیں جن میں سے ہر ایک 182 میٹر قطر کے دیوہیکل ٹربائن بلیڈز پر مشتمل ہے اور وی شکل کے ڈھانچے پر لگائے گئے ہیں۔
یہ ڈھانچہ ہائی ٹینشن کیبلز کے ذریعے جوڑا گیا ہے اور اسے انگریزی حرف وائے (Y) کی شکل کے تیرتے پلیٹ فارم پر نصب کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مضبوطی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کمپنی نے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارم انتہائی مضبوط اور اعلیٰ کارکردگی والے کنکریٹ کے ساتھ بنایا گیا ہے جس کا وزن تقریباً ساڑھے 16 ہزار ٹن ہے اور یہ 35 میٹر سے زیادہ گہرے پانیوں میں کام کر سکتا ہے۔
منگ یانگ کا کہنا ہے کہ ٹربائن پلیٹ فارم 260 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہوا کی رفتار اور 30 میٹر اونچی لہروں کو برداشت کرتے ہوئے کیٹیگری 5 کے سمندری طوفان جیسی صورت حال میں بھی بجلی پیدا کر سکتا ہے۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ یہ نظام 79.8 ایم پی ایس شدت کے طوفانوں کو برداشت کر سکتا ہے، جو عام ونڈ ٹربائنوں کے لیے مشکلات کا باعث بنتے ہیں۔
عام ونڈ ٹربائنیں اس طرح کے نامساعد حالات میں مشکلات سے دوچار ہو سکتی ہیں جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں اتار چڑھاؤ اور ان کے پاور جنریٹر کے پرزے وقت سے پہلے ختم ہو جاتے ہیں۔ تاہم، کمپنی کے نئے ڈیزائن کو ’ایک موافقت پذیر نظام‘ کہا گیا ہے جو شدید طوفانی حالات میں بھی استحکام اور حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔ کمپنی کو امید ہے کہ یہ نظام سمندری توانائی میں انقلاب برپا کرے گا۔
یہ پلیٹ فارم گوانگزو کی طرح چین کے ساحلی علاقوں میں بجلی کی پیداوار کے لیے بہت اہم ہو سکتا ہے، جو باقاعدگی سے شدید طوفانوں کی زد میں رہتے ہیں، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی والے طوفانوں کے دور میں۔ چین کا ہدف ہے کہ وہ 2025 تک اپنی کل توانائی کی کھپت کا ایک تہائی قابل تجدید ذرائع سے فراہم کرے گا۔
ہزاروں گھرانوں کو ماحول دوست توانائی فراہم کرنے سے ونڈ ٹربائن پلیٹ فارم کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو تقریباً 56 ہزار ٹن تک کم کرنے میں بھی مدد کر سکتا ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف چین کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔
چینی فرم کا یہ منصوبہ مستقبل کی توانائی کے ذرائع میں ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔ سمندری طوفانوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھنے والے یہ ونڈ ٹربائنز دنیا بھر کے ممالک کے لیے ایک مثالی نمونہ ہو سکتے ہیں، جو ماحولیاتی تبدیلی اور توانائی کی قلت سے نمٹنے کے لیے کارگر ثابت ہوں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں