کورونا کا خوفناک مرحلہ گزر چکا ہے تاہم عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہےکہ کورونا اب بھی پوری دنیا میں ایک ہفتے میں تقریباً 1700 افراد کو ہلاک کر رہا ہے۔ تنظیم نے لوگوں سے ویکسینیشن جاری رکھنے کی بھی اپیل کی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے ٹیکہ کاری میں کمی کے حوالہ سے خبردار کیا ہے۔
اقوام متحدہ کے ہیلتھ ایجنسی کے سربراہ نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ مسلسل اموات کے باوجود، ’’اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ صحت کے کارکنوں اور 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں ٹیکہ کاری میں گراوٹ آئی ہے، جو سب سے زیادہ خطرے والے گروپ ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’ ڈبلیو ایچ او تجویز کرتا ہے کہ سب سے زیادہ خطرے والے گروپوں کے لوگوں کو ان کی سابقہ خوراک کے 12 ماہ کے اندر کورونا ویکسین مل جانی چاہئے۔‘
ڈبلیو ایچ او نے کووڈ کی وجہ سے 70 لاکھ سے زیادہ اموات کی اطلاع دی ہے، حالانکہ خیال کیا جاتا ہے کہ کووڈ وبائی بیماری کی وجہ سے ہونے والی اموات کی اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔ مزید برآں، کورونا نے معیشتوں کو تباہ کر دیا تھا اور صحت کے نظام کو مفلوج کر دیا تھا۔
ٹیڈروس نے مئی 2023 میں کورونا کے حوالہ سے اعلان کردہ بین الاقوامی صحت عامہ کی ایمرجنسی کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا۔ یہ وائرس پہلی بار 2019 کے آخر میں چین کے شہر ووہان میں پایا گیا تھا۔ اس وقت تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا تھا۔
ڈبلیو ایچ او نے حکومتوں پر زور دیا ہے کہ وہ وائرس کی نگرانی اور جینوم سیکونسنگ کو برقرار رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ لوگوں کو کفایتی اور قابل اعتماد ٹیسٹ، علاج اور ویکسین تک رسائی حاصل ہو۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں