انسان کو اپنے نصیب کا کچھ علم نہیں کہ وہ کب بدل جائے۔ یعنی ایک وقت ایسا ہوتا ہے کہ آپ چھوٹے موٹے کام کر کے پیسے کماتے ہیں لیکن جب وقت بدلتا ہے تو حالات بھی بدل جاتے ہیں۔
جیسا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ہوا، جو کبھی ماضی میں چائے فروخت کیا کرتے تھے، لیکن کیا معلوم تھا کہ ایک دن وہ بھارتی وزارتِ عظمیٰ کے منصب پر فائز ہوجائیں گے۔
مودی جہاں چند پیسوں میں چائے بیچتے تھے آج وہ کروڑوں مالیت کے اثاثوں کے مالک ہیں۔ اس بات کا اقرار انہوں نے خود کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی کے پاس کل 3 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے موجود ہیں، لیکن انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ان کے پاس کوئی زمین، مکان یا گاڑی نہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان کے پاس کوئی بھی غیر منقولہ جائیداد نہیں، کیونکہ انہوں نے گاندھی نگر میں اپنے حصے کی ایک زمین عطیہ کردی تھی۔
بھارتی وزیر اعظم نے آج وارانسی حلقے سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
حلف نامہ میں مودی نے (3.02 کروڑ بھارتی روپے) کے کل اثاثوں کی تفصیلات بتائیں، جس کا ایک بڑا حصہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے پاس 2.86 کروڑ کی فکسڈ ڈپازٹ پر مشتمل ہے۔ ان کی کل کیش ان ہینڈ 52,920 ہے جبکہ گاندھی نگر اور وارانسی میں ان کے دو بینک اکاؤنٹس میں 80,304 بھارتی روپے موجود ہیں
نریندر مودی کے پاس نیشنل سیونگ سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری کے طور پر 9.12 لاکھ روپے موجود ہیں اور ان کے پاس 2.68 لاکھ روپے کی چار سونے کی انگوٹھیاں بھی ہیں۔
ان کی آمدنی 2022-23 میں 23.56 لاکھ ہوئی، اس سے قبل 2018-19 میں یہ آمدنی 11.14 لاکھ تھی
تعلیمی سیکشن میں بھارتی وزیر اعظم نے اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے سن 1978 میں دہلی یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس اور 1983 میں گجرات یونیورسٹی سے آرٹس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
مودی کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خلاف کوئی زیر التوا فوجداری مقدمہ نہیں ہے۔
خیال رہے بھارتی شہر وارانسی میں لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے میں یکم جون کو ووٹ کاسٹ کیے جائیں گے
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں