معاشرے کا کوریکشن فیکٹر(correction factor)-ادریس آزاد

کسی کونے میں کُوڑا پڑا ہو تو آدمی تھوکنے کے لیے دوقدم چل کر بھی وہاں جاتاہے، اور تھوکتا وہیں ہے جہاں کوڑا دَھرا ہے۔ صاف ستھرے فرش پر کوئی سگریٹ نہیں پھینکتا۔ گندگی گندگی کو اپنے پاس بلاتی ہے اور صفائی صفائی کو۔ پنجابی میں کہتے ہیں کہ ’’ بُرے نُوں بُرا سوکوہ دا، وَلّا پاکے وی مل جاندااے‘‘۔ جیسے گندگی کے ڈھیرمیں باقی ہر طرح کے گند کے لیے کشش ہے، ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ گندگی کے ڈھیر پہاڑوں کے برابر اُونچے اُٹھ جاتے لیکن عجیب بات ہے کہ ہرگندگی کے ڈھیر کو جلد یا بدیر فناہوجانا ہوتا ہے۔ پنجابی کے ایک محاورے کا ترجمہ ہے کہ گندگی کا ڈھیر زیادہ سے زیادہ بارہ سال تک دعائیں مانگتا رہتاہے کہ یااللہ مجھے فنا کردے، اورپھر تیرھویں سال اس کی سُن لی جاتی ہے۔ استادِ محترم جناب قاسم شاہ مرحوم کا ایک پنجابی شعر بھی ہے اس موضوع پر:
ربّا تُوں تے باری سالی روڑی دی سُنڑ لَینے
مینوں ہجر دے تیرھویں سال وی یار ملا ناں سکیوں

رسولِ اطہر صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا ارشادِ مبارک بھی ہے کہ میری اُمت کے لوگ برائی پر متحد نہیں ہوسکیں گے۔ اس کی سائنسی توجیہہ بھی کچھ زیادہ مشکل نہیں۔ برے مقصد پر زیادہ لوگوں کا زیادہ دیر تک متحد رہنا ممکن نہ ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اُن کے مفادات جلد آپس میں ٹکرانے لگتے ہیں۔ جیسے بہت سے چور جب مل کر چوری کرلیتے ہیں تو آخر میں حصّوں کے لیے آپس میں لڑپڑتے ہیں۔ اس کے برعکس اچھائی پر جتنی مرضی لوگ متحد ہوجائیں اور جب تک چاہیں متحد رہیں کوئی نقصان نہیں ہوتا، بلکہ فائدے بڑھتے چلے جاتے ہیں۔ یہاں تک کہ معاشرہ جنت کی مثال پیش کرنے لگتاہے۔ ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہی انسانی سماج کا وہ واحد ایسا ’’کوریکشن فیکٹر‘‘ ہےجس نے اب تک انسانیت کو فنا ہونے سے بچائے رکھا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سوال یہ ہے کہ کیا ایسا ممکن نہیں ہے کہ بہت سے لوگ برائی پر جمع ہوں لیکن انہیں اس بات کا علم ہی نہ ہو کہ وہ جس بات پر جمع ہیں وہ ایک بُرائی ہے؟ یقینا ایسا ممکن تو ہے لیکن جیسا کہ میں نے پہلے عرض کی کہ ایسا دیر تک قائم رہنا ممکن نہیں ہے۔ مثال کے طورپرشروع میں زیادہ تر لوگ، خصوصاً امریکہ، اسرائیل اور جرمنی میں، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی حملوں کے حق میں تھے۔ لیکن بہت تیزی کے ساتھ اس اتفاقِ رائے میں فرق آتا چلا گیا اور اب تقریباً پوری دنیا اس کے خلاف ہے۔ دراصل عرصۂ برائی کے دورانیے کا تعین مختلف اور متعدد عوامل کے تحت کیاجائےگا، جن میں برائی پر متحد ہونے والوں کی تعداد، برائی کی نوعیت اور اس برائی کو باقی انسانوں کی طرف سے برائی کہنے اور سمجھنے وغیرہ جیسے بہت سے عوامل اور عناصر شامل ہیں۔ لیکن یہ بہرحال طے کہ جلد یا بدیر بُرائی پر کیا گیا اتحاد فناہوجاتاہے۔ اس سے ہم معکوس نتیجہ بھی اخذ کرسکتے ہیں کہ ایسے تمام اتحادات جو جلد ختم ہوجاتے ہیں ضرور ان میں کہیں نہ کہیں برائی کا کوئی عنصر موجود ہوتاہے۔

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply