قصور : زینب زیادتی و قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے ملزم کا خاکہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قصور میں بارہ بچوں کے ساتھ زیادتی کر کے قتل کرنے والا یہی شخص ہے جس کا خاکہ دیگر 11 متاثرہ خاندان کے بیانات، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور اہل محلہ سے حاصل معلومات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے.
تفصیلات کے مطابق کمسن زینب کے علاوہ 11 معصوم کلیوں کوزیادتی کے بعد موت کے گھاٹ اتارے جانے کے دل دہلانے والے واقعات کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی جے آئی ٹی نے سفاک ملزم کا خاکہ جاری کردیا ہے جس کی تلاش میں مختلف علاقوں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں.
ملزم کے خاکے کے مطابق وہ 25 سے 30 سال کے درمیان کا شخص لگتا ہے اور اس کے چہرے پر داڑھی بھی ہے اور چہرہ گول، ناک ستواں اور آنکھیں چھوٹی چھوٹی ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز سے لگتا ہے کہ وہ درمیانہ قد رکھنے والا شخص ہے.
اس سے قبل ڈی پی او ہاؤس میں جےآئی ٹی نے آج دیگر11 متاثرہ خاندانوں سے بھی ملاقاتیں کیں جن کی معصوم کلیوں کو سفاک درندے نے اپنی ہوس کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں بربریت کا مظاہر کرتے ہوئے تمام بچوں اور بچیوں کو قتل کر کے کچرے کنڈی میں پھینک دیا کرتا تھا.

خیال رہے دس جنوری کو سات سالہ معصوم زینب کی لاش قصور کے کچرے کنڈی سے ملی تھی جسے پانچ روز قبل خالہ کے گھر کے قریب سے اغواء کیا گیا تھا،پوسٹ مارٹم رپورٹ میں معصوم بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی تھی، عوام کے احتجاج اور دباؤ کے باعث حکومت کی جانب سے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں