راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں این ٹی ایس منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری ریفرنس کی سماعت ہوئی، کسٹم عدالت کے جج شیراز کیانی نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے موقع پر نیشنل ٹیسٹنگ سروس کے افسران ڈاکٹر جنید ، ڈاکٹر اظہار حسین ، ڈاکٹر سہیل ، ڈاکٹر شاہد اعوان اور ڈاکٹر شیرزادہ خان عدالت پیش ہوئے جبکہ این ٹی ایس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہارون عدالت میں پیش نہ ہوئے۔
سماعت کے موقع پر اہم ملزم کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر این ٹی ایس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ڈائریکٹر این ٹی ایس کو آئندہ سماعت پر گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے ، کیس کی آئندہ سماعت تیس جنوری کو ہو گی۔
واضح رہے کہ این ٹی ایس کے افسران پر دو ارب پچہتر کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا الزام ہے، کیس میں شریک ملزمان کو عدالت نے ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے داخل کرانے کا بھی حکم دیا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں