روح القدس کا طالب علم /مسلم انصاری

ان کے رب نے کہا : “میں نے تمہیں اس وقت بھی رزق دیا جب تم اپنے زور سے کروٹ بھی نہیں لے پاتے تھے”

درور پڑھو ان پر جنہوں نے کہا :
چڑیا کے بچے گھونسلے میں واپس رکھ دو ان کی ماں پریشان ہے
فرمایا : راہ سے پتھر ہٹادو

رحمت ان پر جنہوں نے کہا :
تم نے ایک بلی پالی ہے اور تمہیں اس سے محبت ہے، تم ایک بلی کے باپ ہو تم تو ابوہریرہ ہو
آپ نے اپنی چادر اتار کر دودھ پلانے والی کے اعزاز میں بچھادی

ابنِ عبدالمطلب نے کہا :
کدال مجھے دے دو کہ میں خندق کھودتا ہوں، مت دیکھو کہ میرے پیٹ پر دو پتھر بندھے ہیں
فرمایا : بھوکے کو کھلادو پیاسے کو پلادو
دیکھو گھر میں مت جھانکو

سلامتی ہو ان پر جنہوں نے کہا :
یہ اونٹ تمہاری شکایت کررہا ہے تم اس سے زیادہ محنت لیکر کم کھلاتے ہو، صحابی ایسا مت کرو!
سنو وحشی! تم میرے سامنے مت آیا کرو، مجھے میرے چچا یاد آتے ہیں

سکون ہو ان کے لئے جنہوں نے کہا :
میں دیکھ رہا ہوں میری اولاد کٹ رہی ہے خون بکھرا ہوا ہے سر نیزوں پر تنے ہیں پھر آپ نے حسن حسین کو پشت پر لاد لیا اور انہیں جھولے دئے
فرمایا : میرے نواسوں کو گود میں رہنے دو! کیا ہوا گر انہوں نے پیشاب کردیا ہے
آپ نے فرمایا : بچے کو چیز کی لالچ دیکر مت بلاؤ جب مٹھی خالی ہو
وہ روتے تو اُن کی داڑھی مبارک تر ہو جاتی

محبت ان ہی کے لئے جنہوں نے کہا :
مجھے محبت ہے ان سے جو میرے بہت بعد میں آئیں گے
اور مجھے بنا دیکھے مانیں گے وہ تو میرے بھائی ہیں!
احترام اس ذات پر جسے سفید رنگ پسند تھا

سلام ہو ان کے لئے جنہوں نے کہا :
فاطمہ میرے جگر کے ٹکڑے! میں بھی تمہیں جنت میں لیکر نہیں جا سکتا، چوری مت کرنا کہ دین برابر ہے
ارشاد کیا : عائشہ! میرے کاندھے پر سر رکھ کر مسجد میں جاری کھیل دیکھ لو
کہا : عورت سے محبت سے پیش آؤ! آپ نے آٹا گوندھا اور بوڑھی بیوہ کے گھر جھاڑو لگایا

قربانیاں ان کے لئے جنہوں نے کہا :
اپنے مُردوں پر واویلا نہ کرو وہ خدا کی امانتیں تھیں اس نے واپس لے لیں
جب وہ اپنے بیٹے کو دفنا رہے تھے تو ایک باپ کی آنکھ بلا آواز جھلک گئی

حمد و ثناء ان کے لئے جن کی پہلی اولاد بیٹی تھی
انہوں نے کہا : بیٹیوں کو محروم نہ کرنا وہ بوجھ نہیں ہیں
آپ نے کہا : تم نے میرے ہوتے ہوئے دین کا مزاق بنا لیا طلاقیں مت دو! پھر آپ کا چہرہ لال ہوگیا

ہائے ہائے
آپ نے فرمایا :
معاذ جب تم لوٹو گے شاید میں نہیں ہونگا
تم میں سے کسی کو کسی پر فوقیت نہیں، نا گورے کو کالے پر، نا عربی کو عجمی پر! برے نام سے نہ پکارو!
میری بات آگے پہنچا دو!
کہا : ابوبکر انبیاء نہیں مرتے میں تو دنیا سے پردہ کرلونگا
صدیق میں تمہارا قرض نہیں چکا سکا!

صلواۃ و سلام ہو ان کے لئے :
جنہوں نے زنا کی خبر دینے والے سے منہ موڑ لیا کہ تو اپنی بات اپنے اور خدا کے بیچ رکھ
کہا راز افشاں نہ کرنا یہ بھید خدا تک کا ہے

عقیدت ان کے لئے :
جنہوں نے پہاڑ ملانے والے فرشتے روک دئے کہ ان بستیوں کو سزا نہ ملے
کہا : عمر! اسے چھوڑ دو جس نے میری چادر کھینچ کر روکا ہے میں نے اس کا قرض دینا ہے
بدّو کو مت بھگاؤ، تسلی سے مسجد کے صحن میں پیشاب کرلینے دو! تلواریں میان میں ڈال دو!

وا حسرتااااااا
وہ حلمیہ کا ہاتھ چھڑواکر بھاگے اور ماں کی قبر سے لپٹ گئے تھے، لپٹے رہے یہاں تک کہ شام ماند پڑ گئی
فرمایا : آپ آواز دیتیں تو میں نماز توڑ کر جواب دیتا
کہا : باپ کو مت مار، تو، تیرا مال تیرے باپ کا ہے
فرمایا : ماں کو پیار سے بلانا

ہمارے ماں باپ ان پر نثار :
جن کی جدائی میں منبر کا تنا رو دیا، جن کے خون کو دیکھ کر فرشتے کپکپائے، جن کے ہونے سے دائی حلیمہ کی سواریاں تیز دوڑیں، جن کے رخسار سے زرہ کی کڑیاں نکالتے ہوئے صحابی نے دانت کھوئے، جنہوں نے مزاح کیا پھر بوڑھی کو پرسہ بھیجا، جنہوں نے انصار اور مہاجرین کو بھائی بنایا، جو پلٹ پلٹ کر کعبۃ اللہ کو دیکھتے تھے، جنہوں نے شعب ابی طالب میں ان گنت دن معاشرے کا برتاؤ سہا، جنہوں نے پہلی شادی بیوہ عورت سے کی، جو اماں خدیجہ کو یاد کرتے تھے، جنہیں ہمارے سلام پہنچتے ہیں!

سبھی کچھ ان کے لئے جنہوں نے بتایا :
میں تمہیں کوثر کے پاس ملونگا
میں تمہیں پلاؤنگا
میں سجدے میں ہونگا
میں حشر جاری کرواؤنگا
تمہارے پیغام مجھے ملتے ہیں
میں نے معاف کردیا
الہی !!! میری امت!
میری امت!
میری امت!!

Advertisements
julia rana solicitors london

اؤ کما قال رسول اللہ صلی الله عليه والہ وسلم
رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین
اشھد ان لا اله الا الله واشھد ان محمدا عبدہ و رسولہ
سلام علی من التبع الھدی!!

Facebook Comments

مسلم انصاری
مسلم انصاری کا تعلق کراچی سے ہے انہوں نے درسِ نظامی(ایم اے اسلامیات) کےبعد فیڈرل اردو یونیورسٹی سے ایم اے کی تعلیم حاصل کی۔ ان کی پہلی کتاب بعنوان خاموش دریچے مکتبہ علم و عرفان لاہور نے مجموعہ نظم و نثر کے طور پر شائع کی۔جبکہ ان کی دوسری اور فکشن کی پہلی کتاب بنام "کابوس"بھی منظر عام پر آچکی ہے۔ مسلم انصاری ان دنوں کراچی میں ایکسپریس نیوز میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply