غیر ملکی کمپنی نے موبائل فون ایک ماہ تک استعمال نہ کرنے پر انعام کی پیشکش کرکے حیران کردیا۔
تفصیلات کےمطابق موبائل فون ہرکسی کی زندگی کااہم جزبن چکاہے،آج کےاس دورمیں جس کےبغیرکسی کابھی گزا رانہیں ہوتا،توایسےمیں ایک غیرملکی کمپنی نےسب کوحیران کردیا۔
رپورٹ کے مطابق آئس لینڈ کے ایک ڈیری پروڈکٹ برانڈ (سیجی) نے اپنے “ڈیجیٹل ڈیٹوکس پروگرام” کے تحت ایک ماہ موبائل فون استعمال نہ کرنے والے 10 خوش نصیب افراد کو 10 ہزار ڈالرانعام دینے کی پیشکش کی ہے۔
منتخب شرکاء اپنے اسمارٹ فونز کو ایک فراہم کردہ باکس میں محفوظ طریقے سے اسٹور کریں گے اور ایک ماہ تک موبائل فون کے بغیر زندگی گزاریں گے۔ چیلنج کامیابی سے مکمل کرنے پر انہیں 10 ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔
کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہم آپ کو چیلنج کرتے ہیں کہ آپ اپنے اسمارٹ فون کو چھوڑ دیں۔ ہم کم خلفشار کے ساتھ سادہ زندگی گزارنے کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ آج ہماری زندگی میں سب سے بڑا خلفشار ہمارا فون ہے، درحقیقت اوسطاً ایک شخص ہر روز اپنے فون پر چار یا پانچ گھنٹے گزارتا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق اپنی زندگی میں ڈیجیٹل وقفہ لینے کے خواہشمند افراد پروگرام میں شرکت کیلئے 31 جنوری تک درخواست دے سکتے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں