پانچ اُصول ہی کافی ہیں /اظہر حسین بھٹی

انسان اشرف المخلوقات ہے۔ ہر انسان سمجھ بوجھ رکھتا ہے۔ اسے عقل و شعور سے نوازا گیا ہے۔ یہ چیزوں کو بخوبی جانتا اور سمجھتا ہے۔ مگر کچھ ایسی چیزیں ہیں جن کو لیکر یہ لاپرواہی کر جاتا ہے، یا یہ کہہ لیں کہ کمفرٹ زون کو ترجیح دیتا ہے۔ یہ کچھ باتیں ہیں جن کو آپ جتنا جلدی سمجھ لیں گے آپ کے لیے اُتنا اچھا ہے۔ یہ ایسے سچ ہیں کہ جن پر عمل کرنا بڑا ضروری ہوتا ہے۔ یہ وہ حقیقتیں ہیں کہ جن کو جھٹلایا نہیں جا سکتا۔ آئیے جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
1- خدا پہ یقین رکھیں
ہم اکثر یہ بات کرتے ہیں کہ اللہ سے امید رکھنی چاہیے۔ مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ جبکہ یہ پورا جملہ ہی غلط ہے۔ اللہ سے امید نہیں بلکہ اس پر یقین ہونا چاہیے۔ وہی ہمارا خالق ہے، وہی ہمیں سب سے بہتر جانتا ہے۔ وہی ہماری رگ رگ سے واقف ہے۔ ہمارے لیے کیا بہتر ہے کیا نہیں یہ وہی جانتا ہے اور جب کبھی مشکلات آ جائیں، تکلیفیں بڑھنے لگیں تو سمجھ جائیں کہ وہ آزما رہا ہے اور ایسے حالات میں مایوس ہونے کی بجائے اس کی نعمتوں پر شکر ادا کرنا چاہیے اور یہ یقین رکھنا چاہیے کہ وہ ہمیں اکیلا نہیں چھوڑے گا۔ اگر مشکل آ گئی ہے تو ہمارا یقین ہونا چاہیے کہ وہی ہمیں سرخرو کرے گا۔ زندگی میں یہ پہلا اصول بنا لیں کہ ہر حال میں اللہ پر یقین رکھنا ہے کیونکہ وہی ہے جو بند دروازے کھولتا ہے۔
2- مر جاؤ مگر کسی سے اُمید مت لگاؤ
یہ شاید شیکسپئیر نے کہا تھا کہ کبھی کسی سے اُمید مت لگائیں۔ اور یقین کریں کہ میری زندگی کے تجربات کا بھی اگر کوئی نچوڑ مجھ سے پوچھے تو میں بھی یہی کہوں گا کہ مر جاؤ مگر کسی سے امید مت لگاؤ۔ یہ وہ جملہ ہے کہ جس کی کوئی قیمت ہی نہیں لگائی جا سکتی۔ یہ وہ حقیقت ہے کہ جس پر ہر انسان کی کامیابی و ناکامی منحصر ہوتی ہے۔ یہ وہ جملہ ہے کہ جس کو سمجھ آ جاتا ہے وہ پھر پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھتا۔ وہ دلبرداشتہ نہیں ہوتا۔ وہ روتا نہیں ہے۔ اس کا دل نہیں ٹوٹتا۔ میرا دل چاہتا ہے کہ میں چیخ چیخ کر لوگوں کو اس جملے کی اہمیت کا بتلاؤں کہ اس ایک جملے کو پلے سے باندھ لیں اور اس پر عمل کرنے میں کبھی کوئی کوتاہی نہ کریں۔
3- اپنے پلان، اہداف، ٹارگٹ کسی کو نہ بتائیں
ہر انسان اپنی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اپنے طور پر پلاننگ کرتا ہے، اہداف سیٹ کرتا ہے اور پھر ان کو پورا کرنے کی تگ و دو میں لگ جاتا ہے۔ وہ اپنے ان ٹارگٹس کو کسی اپنے کو اپنا سمجھ کر اس سے شئیر کر لیتا ہے اور پھر یہیں وہ غلطی کرتا ہے اور یوں وہ اکثر اپنے اہداف تک پہنچنے سے پہلے ہی رک جاتا ہے، تھک کے بیٹھ جاتا ہے یا کوئی ایسے اڑچلیں بیچ میں آ جاتی ہیں کہ چاہ کر اور خوب محنت کے باجود بھی عین وقت پر وہ اپنے ہدف سے ہاتھ دھو بیٹھتا ہے۔ یاد رکھیں کہ چاہے کوئی کتنا ہی سگا کیوں نہ ہو ،کسی سے بھی اپنے پلان شئیر نہ کریں، اپنے ٹارگٹس کو صرف اپنے تک محدود رکھیں۔ کوئی آپ کو کامیاب ہوتا نہیں دیکھ سکتا۔ سوائے آپ کے والدین کے اور کسی سگے رشتے، یا دوستی میں اتنا بڑا جگر کلیجہ نہیں ہوتا کہ وہ آپ کو بڑا آدمی بنتا یا آگے بڑھتا دیکھ سکیں۔ کچھ بھی ہو جائے آپ اپنے اہداف بس اپنے تک رکھیں اور ان پر چپکے سے محنت اور فوکس سے کام کرتے رہیں۔ لوگوں کو اپنے آئیڈیاز کی بجائے ،اپنی کامیابی دکھائیں۔
4- اپنی انکم سے زیادہ خرچ مت کریں
کون کتنا کماتا ہے، کیسے رہتا ہے، کس طرح کی عیاشی کرتا ہے یہ سب وہی جانتے ہیں جو کر رہے ہوتے ہیں۔ آج کے اس دور میں مقابلہ بازی ،دیکھا دیکھی میں ہر انسان اپنی انکم سے زیادہ جمپ لگا کر خرچ کرنے سے زرا نہیں ہچکچاتا۔ کریڈٹ کارڈز کی بھرمار، ادھار اور بےتحاشا قرضہ لیکر ہر انسان نے اپنے لائف سٹائل کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہوا ہے اور انہیں چیزوں کی وجہ سے اس کی ماہانہ انکم تو اقساط دینے میں ہی لگ جاتی ہے اور یوں اسے اپنی زندگی گزارنے کے لیے مزید ادھار لینا پڑتا ہے اور اس طرح وہ قرض تلے دبتا چلا جاتا ہے اور ڈپریشن کا مریض بن جاتا ہے۔ اچھی اور پرسکون زندگی گزارنے کے لیے یہ بڑا سادہ اور آسان سا کلیہ ہے کہ اپنی ضروریات کو اپنی انکم سے کبھی زیادہ نہ ہونے دیں۔ اپنی انکم کے مطابق خرچ کریں وگرنہ ڈپریشن آپ کو نگلنے کے لیے پہلے ہی گھات لگائے بیٹھا ہے۔
5- اپنی صحت پر کبھی سمجھوتہ مت کریں
صحت وہ نعمت ہے کہ جس کی اہمیت کا اندازہ بھی نہیں لگایا جا سکتا۔ اچھی صحت ہی سب کچھ ہوتی ہے۔ اچھی صحت ہی اچھا دماغ اور سکون مہیا کرتی ہے۔ کچھ ایسا مت کریں کہ جس سے آپ کی صحت خراب ہونے کا خدشہ ہو۔ ایسی خوراک سے دور رہیں جو بیماریوں کو دعوت دیتی ہے۔ کم کھائیں مگر اچھا کھائیں اور روزانہ کی بنیاد پر ورزش کو اپنا معمول بنا لیں۔ یاد رکھیں کہ بیمار انسان کو کوئی پسند نہیں کرتا اور نہ ہی لوگ بیمار انسان کی خدمت کرنا اچھا سمجھتے ہیں بلکہ لوگ بیمار آدمی سے بہت جلد اکتا جاتے ہیں۔ اس کے پاس بھی نہیں جاتے۔ یہاں تک کہ بیمار انسان خود اپنے آپ سے اکتاہٹ محسوس کرنے لگتا ہے۔ اسی لیے اپنی صحت کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھیں اور اس معاملے میں کبھی کوئی سمجھوتہ مت کریں۔
اچھی اور شاندار زندگی گزارنے کے لیے ایسی کئی باتوں پر عمل کرنا بڑا ضروری ہوتا ہے لیکن اگر آپ نے ان پانچ باتوں پر عمل کر لیا تو زندگی میں بڑا مثبت بدلاؤ آپ خود محسوس کریں گے اور جب آپ خوش ہوتے ہیں تو آپ کو ساری دنیا خوش دکھائی دیتی ہے۔ سب اچھا لگنے لگتا ہے۔ تو اگر ہو سکے تو ان باتوں پر مکمل دھیان دیں اور آج اور ابھی سے ہی ان پر عمل کرنا شروع کر دیں۔
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply