ڈبل شاہ خواتین/محمود اصغر چوہدری

آج کل فیس بک پر مجھے بہت سی خواتین کی فرینڈ ریکویسٹس آرہی ہیں ۔ ماضی میں کچھ خواتین کی پروفائل پکچر دیکھ کر ہی اندازہ ہوجاتا تھا کہ یہ فیک آئی ڈیز ہیں کیونکہ ان کی تصویروں میں بے ہودگی نمایاں ہوتی تھی اور ان کی ہر پوسٹ پر ایک لنک ہوتا تھا کہ اس لنک کو کھولواور ہمارے ساتھ پرائیویٹ گفتگو کرو وہ اتنی واضح پروفائل ہوتی تھی کہ اندازہ ہوجاتا تھا کہ یہ دل چرانے کے ساتھ ساتھ پرس چرانے کا بندوبست بھی کرتی ہوں گی۔ایسی پکچر دیکھ کر ہی ہم انہیں فوراً بلاک کر کے فرینڈ ریکویسٹ سے جان چھڑا لیتے تھے لیکن آجکل آنی والی فرینڈریکویسٹ ایسی ہیں کہ کوئی بھی اہل ایمان دھوکہ کھا جائے ۔

مثلاً ان خواتین کی پروفائل پکچر حجاب والی ہیں ۔ نام مسلمانوں والے ہیں ۔ ان میں سے کچھ ریکویسٹس دبئی ،تیونس ، مصراور سعودی عرب سے ہیں کچھ عرب خواتین ہیں جو کینیڈا یا امریکہ میں مقیم ہیں لیکن اپنا آبائی شہر کسی مسلمان ملک کا لکھتی ہیں مجھے ایک فرینڈ ریکویسٹ میں خاتون نے اپنا شہر مدینہ سعودی عرب لکھا ہوا ہے ۔ ایسے متبرک اور پاک شہروں کا نام پڑھ کر کوئی یہ تو خیال نہیں کر سکتا کہ یہ عورتیں بد کردار ہوں گی یا انہیں آپ سے کسی قسم کی بے ہودہ دوستی کی خواہش ہوگی۔ ان کی پوسٹوں میں بھی کسی قسم کی کوئی وولگیرٹی نہیں ہے ۔اکثر پوسٹیں الحمد للہ سے شروع ہوتی ہیں اور ان کی ہر تصویر میں وہ سر پر حجاب اوڑھے دنیا کے مختلف شہروں میں مہنگی گاڑیوں میں گھومتی۔ مہنگے پرس ، مہنگے چشموں اور مہنگے ملبوسات میں مہنگے ہوٹلوں میں مہنگے کھانے کھاتی نظر آتی ہیں ۔ ان کے پروفائل میں وہ کامیاب بزنس وویمن ، کامیاب انویسٹرز کا تاثر دینے کی کوشش کرتی ہیں ۔ کسی بھی سنجید ہ مرد کا ایسی کسی بھی خاتون کے بارے یہ خیال نہیں گزر سکتا کہ یہ لوٹنے والی ہیں
میرے فرینڈ لسٹ کی تعداد پانچ ہزار اور فالورز تیرہ ہزار سے بھی زیادہ ہیں اس لئے میں اکثر فرینڈ ریکویسٹس کو دیکھتا بھی نہیں لیکن کل فیس بک کا میسج آیا کہ تمہاری فرینڈ ریکویسٹس کی تعدا دبھی ایک ہزار سے تجاوز کر رہی ہے اس لئے کوئی چھانٹی کرو تو مجھے فرینڈ ریکویسٹس دیکھ کر اندازہ ہوا کہ مجھ سے دوستی کی خواہش رکھنے والوں میں بہت سی باحجاب خواتین بھی ہیں ۔ مگر مجھے کسی بابا جی کی بات یادآگئی کہ پتر اگر چالیس سال کی عمر گزر جانے کے بعد کوئی خاتون تمہیں مسکراکر یا پیار کی نظر سے دیکھو تو یاد رکھنا کوئی وہم نہ پا ل لینا اس دن یا تو تم نے شلوار الٹی پہنی ہوگی یا تمہاری کوئی زپ کھلی رہ گئی ہے۔ اس لئے ہم بھی ایسی فرینڈ ریکویسٹ سے بالکل متاثر نہیں

ان باپردہ خواتین کی پوسٹیں چیک کی تو ان میں سے اکثر خواتین نے اپنا لنک کرپٹو کرنسی بزنس سے جوڑا ہوا ہے ان کے اکاونٹ پر ایسی ویڈیوز موجود ہیں جس میں بوڑھی خواتین یا مرد روتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کرتے نظر آرہے ہیں کہ ان کی بات مان کر انہوں نے کرپٹو کرنسی میں انویسٹ کیا اور آج وہ لاکھو ں کما رہے ہیں ۔ ان ویڈیوز کو دیکھ کر احساس ہوا کہ یہ کتنی عظیم خواتین ہیں جو دکھی دلوں کا سہار ابن رہی ہیں ۔ مہنگائی کے اس دور میں لوگوں کو بزنس سیٹ کر کے دے رہی ہیں ۔ میں تو شاید کسی دوستی کی دعوت قبول کر بھی لیتا لیکن گزشتہ دنوں ہمارے ایک صحافی دوست کے ساتھ ایسا واقعہ ہوا کہ ہماری آنکھیں کھل گئیں ۔ اس صحافی کے فیس بک اکاؤنٹ سے ایک پوسٹ شئیر کی گئی تھی جس میں وہ اپنے فون پر موجود آن لائین اکاؤنٹ میں سات ہزار ڈالر ملنے کی تصویر دکھا رہا تھا اور ساتھ میں ایک باحجاب بزنس وویمن خاتون کی تصویر تھی کہ اس سے رابطہ کریں یہ کرپٹؤ کرنسی بزنس میں ایک دن میں آپ کو ایک ہزار سے سات ہزاڈالربنا کر دے سکتی ہے ۔ فالورز کا ہجوم تھا جو اسے مبارکبادیں دے رہا تھا ۔ وہ پوسٹ اتنی زبردست تھی کہ کوئی بھی شخص ایک سیکنڈ سے پہلے اس لنک پر کلک کر دیتا ۔ بس ایک کلک کی دیر تھی باقی سار ا کام وہ خاتون خود ہی کر لیتی۔میں نے موصوف سے رابطہ کیا تو اس نے بتایا کہ اس کا اکاؤنٹ ہیک ہوچکا ہے اور اسے نہیں خبر کیا شئیر ہورہا ہے

Advertisements
julia rana solicitors london

اگر آپ کو بھی ایسی کوئی فرینڈ ریکویسٹ آرہی ہیں جن میں کوئی بیرونی لنک شامل ہیں تو پلیز ان کی ریکویسٹ قبول نہ کریں وہ آپ کا فیس بک اکاونٹ ہیک کر لیں گی ۔ یہ تمام خواتین فیس بک کی دنیا کی ڈبل شاہ ہیں ان کی الحمد للہ والی پوسٹوں سے متاثر نہ ہوں ۔ ان کے مدینہ اور مکہ سے تعلق کے دھوکے میں بھی نہ آئیں اور ان کے سر پر اوڑھے حجاب اور مہنگی گاڑی و مہنگی ہالیڈے کی تصاویر سے بھی متاثر نہ ہوں جلدی سے جلد ی انہیں بلاک ماریں اور ان سے جان چھڑائیں ۔ محبت اور دولت اگر فیس بک سے حاصل ہوجاتی تو آج کا کوئی بھی انسان اتنا اکیلا اور اتنا مفلس نہ ہوتا
دوستی عام ہے لیکن اے دوست
دوست ملتا ہے بڑی مشکل سے

Facebook Comments

محمود چوہدری
فری لانس صحافی ، کالم نگار ، ایک کتاب فوارہ کےنام سے مارکیٹ میں آچکی ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply