سات روزہ جنگ بندی کے بعد اسرائیل کی جانب سے غزہ پر دوبارہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اسرائیلی فوج نے جنگ کا دائرہ خطے میں پھیلانے کی کوشش شروع کرتے ہوئے شام کے دارالحکومت دمشق کے مضافاتی علاقے اور لبنانی سرحد پر بھی حملے کئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی افواج کی جانب سے لبنانی سرحد پر بھی بمباری کی گئی جس میں 3 لبنانی شہریوں کے شہید ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، حزب اللہ نے بھی اسرائیلی حملوں کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے میں اسرائیل پر پانچ حملے کردیے۔
روس کا دمشق پر اسرائیلی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ دمشق پر اسرائیلی حملہ شام کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورعالمی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
اسرائیلی افواج نے ایک بار پھر غزہ میں سات روزہ جنگ بندی کے بعد شدید بمباری کا سلسلہ شروع کردیا ہے، اسرائیلی بمباری سے 3 صحافیوں سمیت 184 افراد شہید جبکہ 6 سو زخمی ہوگئے۔
اسرائیل نے خان یونس اور رفاح سمیت مختلف علاقوں میں 2 سو سے زائد مقامات کو نشانہ بنایا، اسرائیل نے رفاح کے راستے فلسطینیوں کی امداد بھی روک دی ہے۔
حماس نے بھی غزہ پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں اسرائیلی شہروں پردرجنوں جوابی راکٹ حملے کیے جس کے باعث تل ابیب میں بھی سائرن بج اٹھے۔
ادھر اسرائیلی افواج نے حملے کرکے خود اپنے ہی یرغمالی شہریوں کو بھی قتل کردیا، اسرائیل نے حماس کی قید میں موجود 6 یرغمالیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں