ہندسوں کو مسلمان کرنے والا استاد/محمود اصغر چودھری

ایک دوست کا سات سالہ بیٹا اٹلی سے برطانیہ منتقل ہوا تو ریاضی کے استاد سے جھڑکیں کھا نا شروع ہوگیا۔ اٹلی میں سات کے ہندسے میں ایک لائین سی بناتے ہیں اور اس کا استاداسے ڈانٹنا شروع ہوگیا کہ سات کے ہندسے میں لائین نہیں بناتے کیونکہ یہ لائین اصل میں عیسائیوں کی سازش ہے اور یہ صلیب کی نشانی ہے اور یہ بہت بڑا گناہ ہے ۔ بچے نے جب سے ہندسے لکھنے شروع کئے تھے وہ ایسے ہی لکھتا رہا ہے اور کوشش کے باوجود بھی بغیر لائین کے نہیں لکھتا ۔

لیکن استاد محترم نے بچے کے ذہن میں ایسا وہم ڈال دیا ہے کہ وہ ہر وقت پریشان رہنا شروع ہوگیا کہ شاید وہ کوئی گناہ کر رہا ہے ۔ مجھے جب اس بات کا پتہ چلا تو پہلے تو میں یہ بات سن کر حیران ہوا کہ یہ کون سا نابغہ استاد ہے جس نے ایسی تحقیق کر لی جو خود مسیحیوں کو بھی نہیں پتہ ہوگی ۔ بتایا گیا کہ سکول میں میتھ میٹکس کا استاد کوئی برٹش پاکستانی مسلمان ہے اور بہت ہی دھارمک ہے ۔
یہ سن کر تو میری ہنسی نکل گئی کہ اس کا مطلب ہے کہ موصوف ریاضی کے ہندسوں کو بھی مسلمان کر رہے ہیں ۔ میں نے اپنے دوست سے کہا کہ آپ کے بچے کے استاد محترم نہ صرف یہ کہ اسلام کی تاریخ سے نا واقف ہیں بلکہ انہیں ریاضی کے ہندسوں کی تاریخ کا بھی علم نہیں ہے ۔ریاضی میں یہ جو ہندسے ہم استعمال کرتے ہیں ،یہ اٹلی والوں کے ہے ہی نہیں بلکہ وہ تو رومن ہندسے استعمال کرتے تھے ۔ 1سے لیکر 9 تک کے ہندسوں کے بانی انڈین اور عربی ہیں ۔ ان ہندسوں کو یورپ کو متعارف کرانے والا ریاضی دان الخوارزمی خود مسلمان ہے ۔ اور ان ہندسوں میں جتنی بھی لائینیں موجود ہوتی ہیں ان کا کوئی نہ کوئی مقصد ہے ۔ جو ہمیں سکھایا نہیں گیا بلکہ رٹایا گیا ہے ۔ 1 سے لیکر 9تک استعمال ہونے والے ہر ہندسے کی ایک لائین ایک زاویہ دکھاتی ہے اور 7 کا ہندسہ اصل میں اس لائین کے بغیر مکمل ہی نہیں ہوتا ۔

میں نے اپنے دوست سے کہا کہ اپنے بچے کو کہو کہ وہ کوئی گناہ نہیں کر رہا اور اس کے ہندسے لکھنے سے کسی بھی قسم کا کوئی غیر اسلامی کام نہیں ہورہا ۔ بلکہ اگر سچ پوچھیں تو وہ بچہ ہی ہے جو سات کے ہندسے کو صحیح اسلامی طریقے سے لکھ رہا ہے ۔ ہم بھی بچپن میں پاکستان میں اسی طرح لکھتے تھے ۔ بعد میں کمپیوٹر اور کی بورڈ نے آکر ساری ڈیزائیننگ ہی بدل دی ۔

مذہب کا ہیضہ بعض دفعہ انسان کو اصل علم سے ہٹا کر فضولیات میں وقت ضائع کرواتا ہے ۔ جیسے حلیم کو دلیم کہو، ہیلو کا مطلب جہنم میں جانا ہے اور ایسی ہی تحقیقات وہ لوگ کرتے ہیں جن کی علم ایک ہی کتاب سے آتے ہیں اور اسے چہرہ کتاب کہتے ہیں یعنی فیس بک ۔ فیس بک سے یاد آیا گزشتہ دنوں ایک مولانا صاحب کی ویڈیو نظروں سے گزری جس میں وہ ایک تحقیق سے ثابت کررہے ہیں کہ فیس بک کے لوگو میں جو ایف چھوٹی پٹی کا لکھا ہوا ہے وہ اصل میں صلیب کی نشانی ہے ۔ یعنی مارک زکربرگ جو خود یہودی فیملی سے ہے وہ صلیب کو پرمووٹ کرے گا ۔ یہ تو ہمیں پتہ ہی نہیں تھا ۔ گلوبلائزیشن میں ایسی فضول بحثوں میں پڑنے کی بجائے بچوں کو زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے کی تلقین کرنی چاہئے ۔ ہندسوں میں صلیب تلاش کرنے والے اپنے گھر کے دروازوں کے ڈیزائننگ جا کر دیکھیں تو انہیں سارے کے سارے دروازے اکھاڑنے پڑیں گے ۔ لکڑی سے بننے والے تمام دروازوں کو غور سے دیکھیں تو وہ صلیب کی ڈیزائنوں میں بنے ہوتے ہیں ۔ اور ان کی تاریخ یہ بتاتی ہے کہ صلیب بنانے کے ایک مقصد ہوتا تھا تاکہ باہر کی بلائیں اس گھر میں نہ آئیں ۔ اسی طرح اگر عیسائیوں نے گزشتہ صدیوں میں بننے والے چرچز کا فن تعمیر دیکھا تو انہیں اپنے سارے چرچ گرانے پڑیں گے کیونکہ ان کے اندر بننے والی تمام محرابیں اور گنبد اسلامی تاریخ سے متاثرہ ہیں ۔

Advertisements
julia rana solicitors london

بچوں کو علم حاصل کرنے دیں انہیں گوبھی اور مرچیں مسلمان کرنے کی تعلیم نہ دیں ۔ یہ نظریہ کسی انتہا پسند ہندو کا تو ہوسکتا ہے کہ کیسری رنگ ان کا ہے اور سبز رنگ مسلمانوں کا ہے ۔ایک جدید دنیا کے طالبعلم کا نہیں ۔ ہمیں تو یہ تعلیم دی گئی تھی کہ ہم علم و حکمت کے موتی ساری دنیا سے چن لیں لیکن ہم نہ جانے کن خرافات اور فضولیات میں گم ہوگئے ۔

Facebook Comments

محمود چوہدری
فری لانس صحافی ، کالم نگار ، ایک کتاب فوارہ کےنام سے مارکیٹ میں آچکی ہے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply