اسلام کو مسلمانوں سے کیسے خطرہ ہے

میں نے ایک فورم پر کہا کہ اسلام کو مسلمانوں کے سوا کسی سے خطرہ نہیں ۔ حاجی صاحب نے دلیل مانگی
میری طرف سے دلیل آنے سے پہلے سیہون شریف سے دلیل پہنچ آئی ۔ ایک دلیل لاہور چیئرنگ کراس سے بھی آئی ۔ پشاور ، کراچی اور کوئٹہ سے بھی دلیلیں مل گئیں ،لیکن حاجی صاحب مصر ہیں کہ دلیل لاؤ
چلئے دلیل بھی ملاحظہ فرما لیں
ہم خود کو مسلمان کہتے اور مسجدوں میں سجدے کرنے پر نادم نہیں ۔ ہم فخر سے سینہ چوڑا کر کے مسجدوں میں عبادت کے لئے جاتے ہیں ۔ بے نمازی گھر اور محلے میں منہ چھپاتا پھرتا ہے ۔ ہم سب فخریہ طور پر اسلام سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ لیکن خود کش دھماکوں کا تسلسل ہمیں معذرت خواہانہ رویہ اپنانے پر مجبور کر رہا ہے ۔ ہم اس اسلام سے بیزار آتے جا رہے ہیں جس میں ہر دوسرا بندہ مشرک ، بدعتی اور کافر کہہ کر مارا دیا جاتا ہے ۔ میں جو کل تک ایک مسلمان گھرانے میں پیدا ہونے کو اپنے لیئے وجہ افتخار سمجھتا تھا مگر مجھے نہیں چاہیئے وہ تکفیر جو کسی کو اس کے حق زندگی سے محروم کرے ۔
سنو تکفیریو
وہ دھمال ڈالیں یا ڈھول باجے بجائیں ۔ تم جیسوں سے لاکھ درجے اچھے ہیں ۔ کسی کی زندگی تو نہیں لیتے ۔ دھرتی کو خون سے رنگین تو نہیں کرتے۔ تمہارے بدبودار افکار کی سرانڈ ہمیں اسلام کے خیمے میں نہیں رہنے دے گی ۔ ہم اس خیمے سے خود کو نکلنے پر مجبور پاتے ہیں ۔ اگر تم نے اپنی یہ غلاظت بند نہ کی تو وہ دن دور نہیں جب سینہ چوڑا کر کے مسجد میں نماز کے لئے جانیوالا منہ چھپا کر مسجد میں جانے پر مجبور ہو گا
تکفیری کان کھول کر سن لیں
اسلام کو امریکہ ، اسرائیل ، انڈیا ، یہود و ہنود سے نہیں ۔ بلکہ خود ان سے خطرہ ہے ۔ تکفیری اسلام اور مسلمانوں کے لئےسب سے بڑا خطرہ ہیں ۔ جنہوں نے دنیا کے ہر خطے میں بسنے والے مسلمانوں کو کٹہرے میں لا کھڑا کیا ہے ۔ کل تک ہمارے بزرگ ہماری وجہ سے تب تشویش کا شکار ہوتے تھے جب وہ نماز میں سلام پھیرنے کے بعد ہمیں مسجد میں نہ پاتے ۔۔۔
آج مجھے تب تشویش لاحق ہوتی ہے جب میں اپنے سے آگے والی صف میں اپنے بیٹے کو بیٹھا دیکھتا ہوں ۔ یہ وہ سچائی ہے جس کا میں خود شاہد ہوں ۔ مجھے گھن آنے لگی ہے ایسے نام نہاد مسلمانوں سے ۔ اب یہاں آکر مجھے یہ سمجھانے کی کوشش ہر گز نہ کیجئے گا کہ اسلام کا کیا قصور ۔ وہ تو امن اور محبت کا دین ہے ۔ وہ تو ایک انسانی جان کے ناحق قتل کو پوری انسانیت کا قتل کہتا ہے ۔
آپ کی سب باتیں درست
مگر ایک بات بتائیں
وہ والا اسلام ہے کہاں ؟
کیا کہا کتابوں میں ؟ تو سنو میاں
اگر تم اسے کتابوں سے نکال کر اپنی زندگی میں نہیں لا سکتے
تو تم جھوٹے ہو۔

Facebook Comments

عارف کاشمیری
اصل نام ۔ پیرزادہ عتیق الرحمان شاہ پیشہ ۔ صحافت

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply