خوابوں کا شہر: ڈیجیٹل سڑکیں، سمارٹ گھر/زبیر بشیر

چین کے صوبہ ہیبی میں قومی سطح کے ترقیاتی زون میں ڈیجیٹل سڑکوں کا تعارف ڈرائیوروں کی زندگی کو بہت آسان بنا رہا ہے۔

 

 

 

 

سڑکوں پر لگے  ٹریفک سگنلز، فائیو جی  نیٹ ورکس، ریڈار، کیمرے اور سینسرز رونگ ڈونگ، شیونگ آن نیو ایریا میں اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ڈرائیور مقررہ راستوں پر سبز ٹریفک سگنل سے لطف اندوز ہوں۔چائنا ٹیلی کام ڈیجیٹل سٹی ٹیکنالوجی کمپنی اس علاقے میں سمارٹ سہولیات کی تعمیر پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ ابتدائی طور پر تین کلو میٹر کے علاقے میں اس نظام کو فعال کیا گیا تھا۔ سڑکوں کے کنارے لگے سینسرز خود کار طریقے سے  ٹریفک لائٹس کو ایڈجسٹ کرتے ہیں جس سے صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک کے بہاؤ میں بہتری آئی ہے۔ اب تک  تجربات کو بہتر بناتے ہوئے 200 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کو  ڈیجیٹل بنا دیا گیا ہے۔ا ن سڑکوں پر 7000 سے زائد لیمپ پوسٹس  پر موجود سینسرز ٹریفک کی روانی کو آسان بنا رہے ہیں ۔  لیمپ پوسٹس کو ملٹی فنکشنل انٹیلجنٹ  معلوماتی کھمبے کہا جاتا ہے۔  ماہرین کے مطابق جلد ہی یہ علاقہ  500 کلومیٹر طویل ڈیجیٹل سڑکوں پر فخر کرے گا۔ اس وقت خود کار بسیں اپنے ٹیسٹ رن مکمل کر رہی ہیں جو جلد ہی فعال ہو جائیں گی۔اپریل 2017 میں، چین نے نئے علاقے کو قائم کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا، جو تقریباً 1,770 مربع کلومیٹر پر محیط ایک جدید ترین شہر بن گیا ہے۔

شیونگ آن میں ٹریفک کا انٹیلیجنٹ نظام اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ علاقہ ڈیجیٹل اور سمارٹ سٹی بن رہا ہے۔ شیونگ آن اربن کمپیوٹنگ سینٹر ان بہت سی سہولیات میں سے ایک ہے جو شہر کے مجموعی انتظام بشمول نقل و حمل، پانی سے متعلق امور، توانائی اور ماحولیاتی نظم و نسق کے لیے  سمارٹ حل فراہم کرتی ہیں۔  ایک رپورٹ کے مطابق 2035 تک رونگ دونگ میں واقع شیونگ آن اربن کمپیوٹنگ سینٹر میں شہر کی کمپیوٹنگ کی طلب کو پورا کرنے کے لیے تقریباً سرورز کیبنٹ ہوں گی ۔

اسی طرح شیونگ آن  میں اسٹیٹ گرڈ کی جانب سے قائم کردہ   1618 مربع میٹر پر محیط کار چارجنگ اسٹیشن بیک وقت پارکنگ اور چارجنگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔یہ خودکار پارکنگ اور چارجنگ اسٹیشن چین کا پہلا اسٹیشن ہے جو ڈیجیٹل آر ایم بی استعمال کر رہا ہے۔

ہر گھر سبزے سے 300 میٹر کی دوری پر

شیونگ آن اپنے رہائشیوں اور ماحولیات کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ ایک سبز شہر بننے کی خواہش بھی رکھتا ہے۔ شیونگ آن کی انتظامی کمیٹی کے مطابق 2017 سے، 31,300 ہیکٹر سے زیادہ رقبے پر درختوں میں  اضافہ کیا گیا ہے، جس سے علاقے کا سرسبز رقبہ  48,667 ہیکٹر اور اس کے جنگلات کا احاطہ 11 فیصد سے بڑھ کر 34 فیصد ہو گیا ہے۔اس علاقے میں گاڑی چلاتے ہوئے بے شمار سبز جگہوں کو دیکھا جا سکتا ہے جن کے درمیان پارکس بنے ہوئے ہیں۔ ایسے ہی پارکس میں رونگ دونگ میں واقع جنہوا پارک 87.4 ہیکٹر پر محیط ایک دلکش شہری نخلستان ہے۔ جہاں  فطرت اور ثقافت کو یکجا کیا گیا ہے۔ یہ پارک سیاحوں کو ایک پرسکون   جگہ فراہم کرتا ہے۔ شہر میں  گرین بیلٹس، ایک مرکزی جھیل کا علاقہ اور پانچ تھیم پارک موجود ہیں جو پورے شہر کو گرین سٹی بنا دیتے ہیں۔ یورونگ پارک، جو تقریباً 160 ہیکٹر پر محیط ہے، اس علاقے کا پہلا بڑا جامع شہری پارک ہے۔ اس کا مقصد روایتی باغیچے کی ثقافت کو فروغ دینا اور کئی طریقوں بشمول ماحولیاتی تحفظ، سیر و تفریح، فٹنس اور شہری نکاسی آب میں  اہم کردار ادا کرنا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors

شہری منصوبہ بندی کا خاکہ ظاہر کرتا ہے کہ شیونگ آن کے رہائشیوں کو بڑے پارکس یا جھیل تک پہنچنے کے لیے اپنے گھروں سے 300 میٹر سے زیادہ کا سفر طے نہیں کرنا پڑے گا۔شمالی چین میں میٹھے پانی کی سب سے بڑی ویٹ لینڈز  میں سے ایک بائیانگڈین جھیل کی بحالی کے لیے بھی اس علاقے میں کی جانے والی ہمہ جہت کوششوں میں سے ایک ہے ۔ شیونگ آن انتظامی کمیٹی کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ بائیانگڈین جھیل کی بحالی کے بعد سے اس کے پانی کا معیار پانچویں درجے سے بہتر ہو کر تیسرے درجے تک پہنچ گیا ہے۔جھیل میں پانی کی سطح فی الحال 6.5 سے 7 میٹر پر مستحکم ہے۔ یہاں رہنے والے نیلے آسمان پر تیرتے سفید بادلوں ، شفاف پانی تیرتی مچھلیوں اور  اٹھکیلیاں کرتے پرندوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔

Facebook Comments

Zubair Bashir
چوہدری محمد زبیر بشیر(سینئر پروڈیوسر ریڈیو پاکستان) مصنف ریڈیو پاکستان لاہور میں سینئر پروڈیوسر ہیں۔ ان دنوں ڈیپوٹیشن پر بیجنگ میں چائنا میڈیا گروپ کی اردو سروس سے وابستہ ہیں۔ اسے قبل ڈوئچے ویلے بون جرمنی کی اردو سروس سے وابستہ رہ چکے ہیں۔ چین میں اپنے قیام کے دوران رپورٹنگ کے شعبے میں سن 2019 اور سن 2020 میں دو ایوارڈ جیت چکے ہیں۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply