• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • ‘میرا جوہری حملے کا بٹن زیادہ بڑا اور طاقتور ہے’، ٹرمپ کا شمالی کوریا کو جواب

‘میرا جوہری حملے کا بٹن زیادہ بڑا اور طاقتور ہے’، ٹرمپ کا شمالی کوریا کو جواب

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا، ‘شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان کا کہنا ہے کہ  ایٹمی حملے کا بٹن ان کی میز پر ہوتا ہے، براہ کرم کوئی ان کی غریب اور غذائی قلت کی شکار ریاست کو اطلاع دے دے کہ میرے پاس بھی جوہری حملے کا بٹن موجود ہے، جو بہت بڑا اور طاقتور ہے اور میرا بٹن کام بھی کرتا ہے’!

یاد رہے کہ یکم جنوری کو سالِ نو کے موقع پر اپنے ٹی وی پیغام میں شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے دھمکی دی تھی کہ ایٹمی حملے کا بٹن ان کی میز پر ہوتا ہے اور امریکا کبھی بھی پیونگ یانگ کے خلاف جنگ شروع کرنے کے قابل نہیں ہوگا۔کم جونگ ان کا مزید کہنا تھا، ‘یہ محض دھمکی نہیں ہے بلکہ ایک حقیقت ہے کہ میرے دفتر کی میز پر ایک ایٹمی بٹن موجود ہے’۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، ‘پورا امریکا ہمارے ہتھیاروں کی رینج میں ہے اور ہماری ساری توجہ بیلسٹک میزائل اور ایٹمی وارہیڈ کو آپریشنل بنانے پر ہے’۔

جنوری 2016 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر بننے کے بعد جہاں امریکا نے بہت سے غیر معمولی اقدامات اٹھائے وہاں شمالی کوریا کے خلاف بھی سخت پابندیاں عائد کیں لیکن اس کے باوجود شمالی کوریا اپنے جوہری منصوبے کی تکمیل سے پیچھے نہ ہٹا اور امریکی پابندیوں کے ردعمل میں میزائل تجربات کرتا رہا۔شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ برس ہائیڈروجن بم کا تجربہ بھی کیا گیا اور اس تجربے کے باعث جاپان، جنوبی کوریا اور خود شمالی کوریا میں زلزلے کے جھٹکے بھی محسوس کیے گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کو دنیا کے نقشے سے مٹانے کی دھمکی دی گئی تو کم جونگ ان کی جانب سے کہا گیا کہ پورا امریکا شمالی کوریا کے میزائلوں کے ہدف میں ہے۔دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے کو برے القابات سے بھی پکارا گیا جب کہ امریکی صدر نے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات کو وقت کا ضیاع بھی قرار دیا۔

Advertisements
julia rana solicitors

گذشتہ برس 29 نومبر کو شمالی کوریا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے ایک ایسے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے جو امریکا کے کسی بھی مقام کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس موقع پر امریکا نے کہا تھا کہ شمالی کوریا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرے کا باعث نہیں بنے گا۔جس کے بعد 23 دسمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بین البراعظمی میزائل تجربات کے بعد شمالی کوریا پر نئی پابندیاں عائد کردی تھیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply