بحیرہ عرب میں ڈپریشن نے سمندری طوفان کی شکل اختیار کرلی ، تاہم طوفان سے پاکستان کے ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں۔
تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں موجود ڈپریشن سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا، سمندری طوفان اس وقت کراچی کے جنوب سے تیرہ سوچالیس کلومیٹر دورہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ‘بائے پرجوائے’ طوفان چوبیس سے چھتیس گھنٹوں میں شدت اختیار کرسکتا ہے، فی الحال سمندری طوفان سے پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کوئی خطرہ نہیں۔
سائیکلون شمال اور شمال مغربی سمت کی جانب بڑھ رہا ہے ،سائیکلون وارننگ سینٹر سمندری طوفان کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، سائیکلون کا نام بیپرجوائے دیا گیا جو بنگلا دیش کاتجویزکردہ ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان شمال اورشمال مغرب کی جانب حرکت کر رہا ہے کراچی سمیت پاکستان کے ساحلی علاقے سمندری طوفان کے اثرات سے محفوظ ہیں۔
سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ سمندری طوفان آج مزید شدت اختیار کرلے گا، 2 سے 3 روز میں طوفان کی درست سمت کا اندازہ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر طوفان نے کراچی کی طرف رخ کیا تو سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی میں اضافہ ہوگا اور بارش ہوسکتی ہے۔
کراچی صبح سے ہی گرمی اورحبس کی لپیٹ میں ہے، آج درجہ حرارت سینتیس ڈگری تک جاسکتا ہے، ہوا میں نمی زائد ہونے سے درجہ حرارت کی شدت دو سے تین ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا موسم آج بھی گرم اور مرطوب رہے گا تاہم شام کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 55 سے65 فیصد جانے کا امکان ہے
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں