روس نے جنگ ختم کر نے کیلئے یوکرین پر شرائط عائد کردیں ۔
تفصیلات کے مطابق روس کے ڈپٹی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر کیف دوبارہ نیوٹرل اسٹیٹس اپنانے اور نئے علاقائی حقیقتوں کو تسلیم کرنے کا وعدہ کرلے تو تنازعے کو حل کیا جا سکتا ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق ڈپٹی وزیر خارجہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس کا ماننا ہے کہ امن صرف اس صورت میں ممکن ہو سکتا ہے جب یوکرینی فوج عداوت کو ترک کردے اور مغربی ہھتیاروں کی ترسیل کو روک دے۔
انہوں نے کہا کہ دیرپا قیام امن کیلئے لازمی ہے کہ یوکرین اپنی نیوٹرل اور نان الائن پوزیشن پر واپس آجائے، نیٹو اور یورپی یونین کی رکنیت سے انکار کردے اور لوگوں کے حق خود ارادیت کے اظہار کے بعد نئی علاقائی حقیقتوں کو تسلیم کرے۔
اپنے انٹرویو میں روسی ڈپٹی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ قیام امن کیلئے یوکرین کو وہاں آباد روسی بولنے والے لوگوں سمیت دیگر اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے روسی زبان بطور سرکاری زبان نافذ کرے۔دوسری جانب یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی شرائط کو مسترد کرتے ہوئے روسی فوج سے یوکرینی علاقے خالی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں