خان صاحب کی گرفتاری کا پس منظر/ملک محمد شعیب

برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کی جانب سے ملک ریاض کے  خلاف کی گئی تحقیقات کے نتیجے میں ملک ریاض کی جانب سے مقدمہ لڑنے کے بجائے تصفیہ کرنے پر 190 ملین پاؤنڈز کی رقم ریاست پاکستان کی ملکیت قرار دی تھی لیکن یہ رقم پاکستان کے قومی خزانے میں پہنچنے کے بجائے سپریم کورٹ کے اُس اکاؤنٹ تک پہنچی جس میں ملک ریاض بحریہ ٹاؤن کراچی کے مقدمے میں سپریم کورٹ کو 460 بلین روپے ایک تصفیے کے تحت قسطوں میں ادا کرنے کا پابند تھا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان صاحب نے ایک بند لفافے کو کابینہ کے  سامنے رکھ کر منظوری لی تھی اور برطانیہ سے پاکستان کو موصول ہونے والے 190 ملین پاؤنڈ کی رقم کو سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا تھا۔

اور یوں برطانیہ سے ریاست پاکستان کو منتقل ہونے والی رقم ملک ریاض کی جانب سے جرمانے کی مد میں سپریم کورٹ میں ادائیگی کے لیے دے دی گئی جس کے  نتیجے میں ملک ریاض نے مبینہ طور پر القادر ٹرسٹ کو جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں 458 کنال اراضی کی منتقلی کی جس کے ٹرسٹی عمران خان ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور بابر اعوان ہیں۔

موجودہ حکومت کے آنے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ‘القادر ٹرسٹ’ کو ملک ریاض کی جانب سے منتقل ہونے والی زمین کے معاملے پر غور کیا گیا اور اس کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیاتھا۔

نیب نے القادر ٹرسٹ کی تحقیقات کے لیے عمران خان اور اس وقت کے وفاقی کابینہ کے اراکین سمیت متعدد افراد کو نوٹس جاری کیے تھے اور گزشتہ ماہ اس کی تحقیقات کو تفتیش میں تبدیل کیا تھا۔
نیب کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ یکم مئی کو جاری کیے گئے تھے لیکن انہیں آج بروز منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت سے گرفتار کیا گیا۔

ملک ریاض کو اس سارے معاملے میں الگ رکھنا، گرفتار نہ  کرنا   زیادتی ہے۔ جس دن ملک ریاض گرفتار ہوا اس دن معاملات کھلیں گے۔ باقی خان صاحب کو اس کیس میں بلا وجہ گرفتار نہیں کیا گیا بلکہ ایک مکمل کرپشن کی کہانی ہے جس میں شہزاد اکبر اور فرح گوگی سب سے بڑے فائدہ اٹھانے والے تھے۔

باقی میں ایک بار پھر اس گرفتاری کی شدید مذمت کرتا ہوں کیوں کہ ایسی گرفتاریاں سیاست دانوں کو صرف اور صرف سیاسی فائدے دیتی ہیں  ۔

عمران خان صاحب ایک سے دو دن کے  بعد ضمانت پر رہا ہو جائیں گے اور اس کے  بعد گرفتاری کا جو ایک عرصے سے ڈر تھا وہ بھی ختم ہو جائے گا۔

Advertisements
julia rana solicitors

اس سارے موجودہ منظر نامے میں عمران خان صاحب کی سیاست مزید چمک گئی ہے ۔

Facebook Comments

ملک محمد شعیب
ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے شعبہ سے وابستہ اور پاکستان کے موجودہ حالات پر نظر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply