نیب نےعمران خان کو القادرٹرسٹ کیس میں گرفتار کرلیا

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطہ سے گرفتار کرلیا ہے۔ نیب حکام نے عمران خان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر  منتقل کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق نیب حکام کے پاس عمران خان کی گرفتاری کے وارنٹ موجود تھے۔ عمران خان کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں احاطہ عدالت سے گرفتار کیا ہے، وہ آج  عسکری اداروں کے خلاف بیان بازی پر ضمانت کیس میں پیشی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے تھے۔

نیب ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد بٹ نے یکم مئی کو عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ یہ وارنٹ گرفتاری آئی جی پنجاب پولیس کو بھیجے گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے لیے نیب لاہور اور نیب راولپنڈی کو بھی وارنٹ بھیجے گئے۔ چیئرمین نیب کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق عمران خان نیب قانون کے تحت کرپشن کے ملزم ہیں۔ نیب قانون کی دفعہ 34A کے تحت عمران خان کو ملزم بنایا گیا۔

 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری پر ملک گیر احتجاج کی کال دیدی ہے۔

اس سے قبل انسداددہشتگردی عدالت نے عمران خان 7 مقدمات میں 50 ،50 ہزار روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت مںظور کرلی تھی۔

اسلام آباد میں ایک بار پھر سے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کی اسلام آباد پیشی کے موقع پر 2000 پولیس اہلکاروں کے ساتھ ساتھ 700 ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔آنسو گیس کے شیل، ربڑ والی گولیاں، واٹر کین اور قیدی ویگن بھی عدالت کے باہر پہنچ چکی ہے۔

عسکری ادارے کے افسران کے خلاف بیان بازی اور محسن شاہنواز رانجھا پر حملے کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت درخواستوں پر سماعت آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوگی۔

سماعت کے دوران کورٹ روم نمبر 1 میں وکلاء اور صحافیوں کا داخلہ خصوصی پاسز کے ذریعے ہوگا۔

اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ:

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ پیشی کے موقع پر اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے۔ کسی بھی قسم کا اجتماع غیر قانونی ہوگا۔

بیان میں مزید لکھا ہے کہ امن و عامہ کے پیش نظر جی ٹین پراجیکٹ موڑ اور عون محمد رضوی روڈ آمدورفت کےلیے بند رہے گی۔ شہری دوران سفر متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔ سڑکوں کی تازہ ترین صورتحال جاننے کے لیے پکار 15 پر کال کریں۔

 عمران خان نے اسلام آباد پیشی پر روانگی سے قبل خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ جس میں انہوں ںے واضح پیغام دیا تھا کہ ڈرامہ نہ کریں، وارنٹ لائیں۔ وہ ذہنی طور پر گرفتاری کیلئے تیار ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے بیان دیا ہے کہ ادارے کی توہین کردی،فوج کی توہین کردی کہ ایک انٹیلی جنس آفیسر کا نام لے دیا، جس نے 2 دفعہ مجھے قتل کرنے کی کوشش کی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ایس پی آر صاحب! ذرا میری غور سے بات سنیں، عزت صرف ایک ادارے کی نہیں ہے، عزت قوم میں ہر شہری کی ہونی چاہیے۔ اس وقت قوم کی سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں۔ 50 سال سے قوم مجھے جانتی ہے۔ مجھے کوئی جھوٹ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔

 دوسری جانب عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے 6 مئی کو درج مقدمہ میں بھی ضمانت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس سٹیشن مارگلہ میں درج مقدمہ جھوٹا اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ مقدمہ صرف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی تضحیک کے لیے درج کیا گیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی اور بغیر اجازت ریلی نکالنے پر درج مقدمہ میں ضمانت دی جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی 121 مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کے خلاف ریکارڈ کے مطابق 127 ایف آئی آر درج ہیں، چیف جسٹس نے اسفسار کیا کہ کیا 127 مقدمات پورے پاکستان میں درج ہیں ، آپ نے ایف آئی آر کا ریکارڈ لاہور ہائیکورٹ میں بھی پیش کیا ہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ تاثر جائے گا کہ لاہور ہائیکورٹ یا اسلام آباد ہائیکورٹ کچھ نہیں کر رہیں، جو لاہور ہائیکورٹ نے آرڈر کیا ہے وہی آرڈر میں کروں گا، آپ صرف اسلام آباد کی حد تک بات کریں، لاہور میں جو مقدمات ہیں وہ لاہور ہائیکورٹ میں بات کریں یہاں ڈپلیکیشن نہ کریں۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں۔

پی این این: آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے اپنے ہی پارٹی قائد عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایک سال سے عمران خان اور پی ٹی آئی رہنما اداروں کیخلاف لوگوں کے ذہن میں خدشات پیدا کررہے ہیں، آپ پاکستان کی جڑیں کاٹ رہے ہیں ۔

ایک بیان میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عوام اور مسلح افواج کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، قوم مسلح افواج پر یقین رکھتی ہے اور یہ اعتماد کا رشتہ ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے بعد سابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ملک و قوم کیلئے قربانیاں دیتی ہیں، مسلح افواج ملک و قوم کی سکیورٹی کی ضامن ہیں، قوم کو مسلح افواج پر ناز ہے فخر ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply