چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے کا مشورہ دے دیا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ استحکام ترقی کی بنیاد ہے، امید ہے پاکستانی سیاسی قوتیں استحکام کی کوشش کریں گی، تاکہ پاکستان اور چین مل کر اقتصادی محاذ پر ترقی کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اقتصادی دباؤ کم کرنے کیلئے مدد کریں گے، چینی اقتصادی تعاون پاکستانی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد کرے گا۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ الزام لگایا جاتا ہے کہ پاکستان کو قرض کے جال میں پھنسایا، الزام لگانے والوں سے پوچھا جائے انہوں نے پاکستان کیلئے کیا کیا؟
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صدر علوی سے ملاقات ہوئی جنہیں چینی صدر کی جانب سے تہنیت کا پیغام پہنچایا، ون چائنہ پر پاکستان کی حمایت کا شکریہ ادا کرتا ہوں، چین پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور امور پر حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ میں پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوِئے، گزشتہ نومبر میں وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا، میرے دورے کا ایک اہم مقصد پاکستان، چین ، افغان وزرائے خارجہ کے مذاکرات میں شرکت ہے، آج سہہ فریقی مذاکرات میں تینوں ممالک شرکت کریں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں