• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • سعودیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ، اہم پیشرفت

سعودیہ اور ایران کے وزرائے خارجہ میں ٹیلیفونک رابطہ، اہم پیشرفت

 سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔

سعودی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب اور ایران کے وزرائے خارجہ نے رمضان کے آغاز پر ایک دوسرے سے فون پر بات چیت کی اور ایک دوسرے کے ملکوں میں سفارت خانے اور قونصل خانے کھولنے کا عمل شروع کرنے کے لیے جلد ملاقات کرنے پر اتفاق کیا۔

ٹوئٹر پر سعودی وزارت خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان کو رمضان کی مبارک باد دی۔

بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے دونوں ملکوں کے سفارتخانے اور قونصل خانے دوبارہ کھولنے کی راہ ہموار کرنے کے لیے جلد ہی دو طرفہ ملاقات پر اتفاق کیا۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کئی سال تک برقرار رہنے والی کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں نے چین کی ثالثی میں 10مارچ کو سفارتی تعلقات بحال کرنے اور دو ماہ میں ایک دوسرے کے ملک میں سفارتخانے دوبارہ کھولنے پر اتفاق کیا تھا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ کے درمیان متوقع ملاقات سات برس بعد باہمی تعلقات کی تجدید کی سمت اگلا قدم ہوگا۔

واضح رہے کہ دونوں علاقائی حریفوں کے درمیان باہمی کشیدگی کی تاریخ رہی ہے۔ 2016 میں سعودی حکومت کی جانب سے شیعہ مذہبی رہنما کو پھانسی دینے کے واقعے کے بعد ایرانی مظاہرین نے ایران میں سعودی عرب کے سفارتی مشنوں پر حملے کردیے تھے، جس کے بعد ریاض نے تہران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔

اتوار کے روز ایران کے عہدیدار نے بتایا کہ سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کو ٹیلی فون کرکے انہیں سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی، تاہم ریاض کی جانب سے اس بیان کی تصدیق باقی ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ایرانی وزیر خارجہ امیرعبداللہیان نے بھی بتایا تھا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے اعلیٰ سفارتکاروں کے درمیان میٹنگ پر رضامند ہو گئے ہیں اور اس کے لیے تین مقامات تجویز کیے گئے ہیں۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply