پی ڈی ایم اے کو پنجاب کے تمام اضلاع سے زلزلہ کے بارے ابتدائی رپورٹ موصول ہو گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ ریسکیو اداروں کی جانب سے الجنت شاپنگ مال کی بلڈنگ کلیئر قرار دے دی گئی ہے۔ متعلقہ اداروں نے الجنت شاپنگ مال کی بلڈنگ کو مکمل چیکنگ کے بعد کلیئر کیا ہے ۔ پنجاب بھر کی انتظامیہ عمارتوں کی چیکنگ میں مصروف ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہناہے کہ زلزلہ کے آفٹر شاکس سے نمٹنے کے لیے مشینری اور عملے کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے پراونشل کنٹرول روم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 الرٹ ہیں۔ زلزلہ سے نقصانات کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں زلزلے کے شدیدجھٹکے محسوس کئے گئے ، جس کی شدت ریکٹرسکیل پر 7.7ریکارڈ کی گئی ۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی وجہ سےلوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان تھا ۔زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش ریجن میں 180 کلومیٹر زیر زمین تھا ۔

اسلام آبادمیں زلزلے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے سے ایک شخص چل بسا تھا۔ سوات میں دیوار گرنے سے بچی سمیت دو افراد چل بسے ،شموزئی میں دیوار گرنے سے ایک شخص چل بسا،صوابی میں تین بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں