• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • لاہورہائیکورٹ اسلام آباد سے 400 کلومیٹر دور ہے، خان صاحب کیسے پیش ہوں؟عدالت کے ریمارکس

لاہورہائیکورٹ اسلام آباد سے 400 کلومیٹر دور ہے، خان صاحب کیسے پیش ہوں؟عدالت کے ریمارکس

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے عمران خان کی پیشی سے متعلق اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ اسلام آباد سے 400 کلومیٹر دور ہے۔ عمران خان کیسے پیش ہوسکتے ہیں؟

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں عمران خان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ پر سماعت ہوئی۔ انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں عمران خان کے وکیل سردار مصروف خان پیش ہوئے۔

عمران خان کی لیگل ٹیم کی جانب سے آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس میں گزشتہ عمران خان کی پیشی سب کے سامنے ہے۔ عمران خان کو جوڈیشل کمپلیکس میں قتل کرنے کا ارادہ تھا۔

وکیل نے مزید کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمپلیکس آج آنا چاہ رہےتھےلیکن حالات سازگار نہیں۔ پوری قوم نے عمران خان پر پولیس کی جانب سے کارروائی کو دیکھا۔

جج نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے دیکھا لیکن ہم نے نہیں دیکھا کیونکہ ہماری کیبل نہیں چل رہی تھی۔ اس پر وکیل نے کہا کہ عمران خان نے آج لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے۔ عمران خان جیسے ہی نکلتے ہیں ان کے ساتھ کارکنان ہزاروں کی تعداد میں نکل آتےہیں۔ عمران خان تو آنا چاہتےہیں لیکن ہر بار لوگ نکل آتے ہیں اور ان پر مقدمات درج ہوجاتے ہیں۔

پراسیکوٹر کی جانب سے عمران خان کی آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کردی گئی۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ عمران خان کا برتاؤ دیکھ لیں، جب ضمانت میں توسیع چاہیے تو عدالت پیش ہونا پڑتاہے۔ اس پر جج نے ریمارکس دیے کہ لاہور ہائیکورٹ اسلام آباد سے 400 کلومیٹر دور ہے، کیسے پیش ہوں گے؟

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر ساڑھے تین بجے فیصلہ کیاجائےگا۔ اگر عمران خان ساڑھے تین بجے تک لاہور ہائیکورٹ پیش ہوگئے تو ٹھیک ورنہ فیصلہ کردیاجائےگا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اگر آج حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور ہوجاتی تو کیا گارنٹی ہے کہ آئندہ سماعت پر پیش ہوں گے؟

عدالت نے ریمارکس دیے کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو اب تک طلب نہیں کیا، ضمانت کی درخواستیں آپ خود دے رہے ہیں۔ عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان قانون کے تحت چلتےہیں، زندہ رہے تو ضرور عدالتوں میں پیش ہوں گے۔

Advertisements
julia rana solicitors

عدالت نے استفسار کیا کہ عمران خان کو اگر عدالت آنا ہے تو وہ تاریخ ہمیں بتا دیں۔ بعض اوقات بارات بڑی ہوتی ہے، آپ کو معلوم ہے پوٹھوہار میں استقبال کیساہوتاہے۔ عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو ساڑھے تین بجے سنایاجائےگا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply