• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • عمران خان کی گرفتاری، پولیس کی پیش قدمی،واٹر کینن کا استعمال، کارکنوں کا پتھراؤ

عمران خان کی گرفتاری، پولیس کی پیش قدمی،واٹر کینن کا استعمال، کارکنوں کا پتھراؤ

سابق وزیراعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، زمان پارک پھر میدان جنگ بن گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس کی ٹیم زمان پارک پہنچی ہے۔ لاہور پولیس کی زمان پارک کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ اس دوران کارکنوں کی جانب سے پتھراؤ بھی کیا جارہا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ متعدد کارکنوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری زمان پارک موجود ہیں انہوں نے بلٹ پروف جیکٹ پہن رکھی ہے ۔ ان کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری بھی ہے۔ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ ہم وارنٹ کی تکمیل کرانے اور عمران خان کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔انشاءاللہ آج کوشش کریں گے۔

سی سی پی او بلال کمیانہ کا کہنا ہے کہ زمان پارک میں موجود پولیس غیر مسلح ہے اینٹی رائٹ پولیس کے پاس صرف ڈنڈے ہوتے ہیں۔

یاد رہے کہ عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر تحریک انصاف لاہور نے پارٹی کارکنوں کو زمان پارک پہنچنے کی کال دی تھی۔ صدر پی ٹی آئی لاہورشیخ امتیاز کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم حکومت باز نہیں آرہی پولیس کسی وقت بھی زمان پارک پہنچ سکتی ہے۔ کارکنان فوری زمان پارک پہنچ جائیں۔

قبل ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونےکے بعد اسلام آباد پولیس لاہور پہنچی، جہاں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس ہوا۔اجلاس میں عمران خان کی گرفتاری کے حوالے سے مختلف آپشنز اور طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کی لاہور پولیس کے ساتھ تعاون کے لیے مشاورت مکمل ہوگئی ہے، کارکنان کی جانب سے رد عمل کی صورت میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،کارکنان اور مقامی رہنماؤں کی فہرستیں بھی تیارکرلی گئی ہیں۔

لاہور پولیس کا کہنا ہےکہ قانونی کارروائی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس عمران خان کے چیف سکیورٹی افسر سے بھی رابطہ کرے گی۔

خیال رہے کہ خاتون جج کو دھمکانے اور توشہ خانہ کیس میں عدم پیشی پر اسلام آباد کی دو عدالتوں نےگزشتہ روز عمران خان کے علیحدہ علیحدہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

عمران خان گزشتہ روز طلبی کے باوجود سکیورٹی خدشات پر عدالت پیش نہ ہوئے تاہم انہوں نےلاہور میں پی ٹی آئی ریلی کی قیادت کی۔

آج اسلام آباد کی عدالت نے خاتون جج کو دھمکی دینے کے کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری 16 مارچ تک معطل کردیے۔

Advertisements
julia rana solicitors

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے پولیس کو 16 مارچ تک عمران خان کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے اور سماعت 16 مارچ تک ملتوی کر دی جب کہ توشہ خانہ کیس میں ان کا وارنٹ برقرار ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply