سابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کاکہناہے کہ6جنوری کو کپیٹل ہل پرحملے کے ذمہ دار ٹرمپ تھے۔مجھے انتخابی نتائج میں ہیراپھیری کا کوئی اختیار نہیں تھا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں سالانہ گریڈرون کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئےسابق امریکی نائب صدر مائیک پینس کا کہناتھاکہ تاریخ ڈونلڈ ٹرمپ کو 6 جنوری 2021 کے روز کیپیٹل ہل پر ہونے والے حملے کے پیچھے اپنے کردار کے باعث ضرور ذمہ دار ٹھہرائے گی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر ذمہ دارانہ الفاظ نے مجھے، میرے خاندان اور اس روز کیپیٹل ہل کی عمارت میں موجود ہر شخص کی جان کوخطرے میں ڈال دیاتھا ۔
مائیک پینس کا مزید کہنا تھا کہ اس روز جو کچھ ہوا انتہائی شرمناک تھا۔ ہماری شائستگی کا مذاق اڑایا گیا تھا۔ میں جب تک زندہ رہوں گا۔ اس روز ملنے والے زخم انسانی جانوں کے ضیاع اور قانون نافذکرنے والے اہلکاروں کی بہادری کو بھول نہیں پاؤں گا۔
واضح رہے کہ کیپیٹل ہل پر حملے کے وقت مایئک پینس وہیں موجود تھے جب ڈونلڈ ٹرمپ کے ہزاروں حامیوں نے کانگریس کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تصدیق سے روکنے کیلئے عمارت پر دھاوا بولا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت کے نائب صدر وہاں سینیٹ کے صدر کی حیثیت میں اپنا آئینی کردار ادا کرنے کیلئے الیکٹورل کالیج کے ووٹوں کی منظوری کیلئے رسمی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
کیپیٹل ہل کے محاصرے کے وقت ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کے ذریعے ووٹر فراڈ کے جھوٹے دعویٰ کرتے ہوئے ری پبلکنز کے حامیوں کو ’لڑنے‘ کیلئے اکسایا تھا ۔جبکہ انہوں نے مائیک پینس کو نتائج کی تصدیق کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں