• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • توشہ خانہ کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توشہ خانہ کیس: عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی میں عمران خان بڑی مشکل میں گرفتار ہوگئے۔ ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے سابق وزیراعظم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ کیس کی مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ فیصلے پر احتجاج کےکیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر 3 اعتراضات عائدکر دیے ہیں۔ رجسٹرار آفس کی طرف سے اٹھائےگئے اعتراضات میں کہا گیا ہےکہ پٹیشن پر عمران خان کے دستخط 2 جگہوں پرمختلف ہیں۔ رجسٹرار آفس کا اعتراض ہےکہ عمران خان نے بایو میٹرک تصدیق نہیں کرائی اور ضمانت قبل ازگرفتاری ڈائریکٹ ہائی کورٹ میں کیسے دائر ہوسکتی ہے؟ عمران خان نے سیشن کورٹ سے درخواست ضمانت واپس لے کر ہائی کورٹ میں دائرکی ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہ نواز رانجھا کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں عمران خان کے خلاف مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں عمران خان کےخلاف توشہ خانہ ریفرنس سے متعلق فوجداری کیس کی سماعت ہوئی جس میں ان کے وکیل علی بخاری عدالت میں پیش ہوئے جب کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے سعد حسن بطور وکیل پیش ہوئے۔ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں ان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کردی جس پر جج نے برہمی کا اظہار کیا۔

دورانِ سماعت الیکشن کمیشن اور عمران خان کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس میں عمران خان کے وکیل نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے کہا کہ آپ الیکشن کمیشن کے وکیل ہیں، وکیل ہی رہیں، ترجمان نہ بنیں۔

علی بخاری نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کچھ دیر پہلے لاہور سے نکل پڑے ہیں، انہیں آج جوڈیشل کمپلیکس کی دو عدالتوں میں پیش ہونا ہے، وہ آج اس عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے۔

عمران خان کے وکیل نے سماعت 5 دن کے لیے ملتوی کرنے کی استدعا کی تو جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کون ساطریقہ ہے، عمران خان جی الیون کورٹس میں پیش ہوسکتےہیں،کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے اِدھر کے لیے ٹائم نہیں بچےگا، یہ کونساطریقہ ہے، ادھر فرد جرم عائد ہونا ہے ادھر آجائیں، فرد جرم عائد ہوجائے پھر چلے جائیں۔

جج کے ریمارکس پر علی بخاری نے کہا کہ خواجہ حارث اس کیس میں عمران خان کے وکیل ہیں، آج یہاں اس عدالت میں پیش ہونے کے لیے وہ دستیاب نہیں ہیں۔

بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں آج پھر طلب کرلیا۔

توشہ خانہ کیس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فوجداری کارروائی کے کیس کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر علی خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ظفر اقبال نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کے وارنٹ نکالے جائیں تب وہ عدالت میں پیش ہوں گے؟ عمران خان کے وکیل نے اپنے دلائل میں کہا کہ سیکیورٹی رسک کی وجہ سے عمران خان نہیں آسکے۔ اگلی پیشی پر عمران خان عدالت میں پیش ہو جائیں گے۔ عمران خان کیسز کیلئے بینکنگ کورٹ اور ضمانت کیلئے ہائیکورٹ میں پیش ہو رہے ہیں۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ آج کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔ اس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طفر اقبال نے ریمارکس دیے کہ ساڑھے تین بجے کیس کا فیصلہ سنائیں گے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

بعد ازاں عدالت نے کسی کا فیصلہ سناتے ہوئے عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 7 مارچ تک ملتوی کردی۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply