چیئر مین تحریک انصاف عمران خان حفاظتی ضمانت کیلئےلاہور ہائیکورٹ پیش ہوگئے۔ عمران خان نے جج کے سامنے روسٹرم پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے دو ہفتے چاہئیں۔ 28 فروری کو ایکسرے ہونے ہیں۔ کوئی جھٹکا پڑ گیا تو مجھے دوبارہ کھڑے ہونے کیلئے تین ماہ لگ جائیں گے۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ کے روبرو پیش ہوئے اور کمرہ عدالت میں کرسی پر بیٹھے۔ عمران خان کے آنے پر ججز بھی کمرہ عدالت پہنچ گئے جس کے ساتھی ہی سماعت کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ عمران خان کا جج کے سامنے روسٹرم پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے دو ہفتے چاہئیں۔ 28 فروری کو ایکسرے ہونے ہیں۔ کوئی جھٹکا پڑ گیا تو مجھے دوبارہ کھڑے ہونے کیلئے تین ماہ لگ جائیں گے۔میں ایک گھنٹے تک گاڑی میں بیٹھا رہا۔ میں عدالتوں کا احترام کرتا ہوں ، ہماری پارٹی کا نام بھی انصاف ہے۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ نے مختصر سماعت کے دوران حفاظتی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پولیس کو عمران خان کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ عمران خان کا دو عدالتوں میں پیش ہونا تھا۔ ابھی چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور ہوئی ہے۔ عمران خان تھانہ سیکرٹریٹ میں درج مقدمے کے سلسلے میں جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں بھی پیش ہوں گے جہاں وکلالت نامے میں عمران خان کے مختلف دستخط ہونے پر وضاحت طلب کی جائے گی۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں