• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کس بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت پرمکمل اعتماد کا اظہار

نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا کس بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی صلاحیت پرمکمل اعتماد کا اظہار

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اتھارٹی کے اجلاس میں وزیر دفاع خرم دستگیر، وزیر داخلہ احسن اقبال ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، بری، بحری اورفضائیہ کے سربراہوں نے شرکت کی جب کہ اجلاس میں ڈی جی اسٹریٹجک پلانز ڈویژن،ڈی جی آئی ایس آئی اور سیکریٹری خارجہ سمیت دیگر حکام بھی شریک ہوئے، نیشنل کمانڈ اتھارٹی کو اسٹریٹجک صورت حال پر جامع بریفنگ دی گئی۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے علاقائی سلامتی کے ماحول کا جائزہ لیا اور پاکستان کوعدم استحکام کا شکارکرنے والے ہمسایہ ملک کی کارروائیوں پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک کی سرگرمیوں سےجنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک عدم استحکام پیدا ہورہا ہے، بڑے پیمانے پراسلحہ بنانا اور خطے کو جوہری بنانا عدم استحکام کا باعث ہے، ایسی صورتحال میں جنوبی ایشیا میں اسٹرٹیجک استحکام برقرار رکھنے کے مقاصد متاثر ہوتے ہیں۔

جوہری سیکیورٹی نظام کے مکمل محفوظ ہونے پر نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے اظہار اطمینان کرتے ہوئے پاکستان کے طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی پالیسی کا اعادہ کیا جب کہ قومی دفاع کو مضبوط بنانے میں سائنسدانوں اور انجینئرز کے کردار کو بھی سراہا اور کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی اہلیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

این سی اے نے نیو کلیئر سکیورٹی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم اور اسٹریٹجک اثاثوں کی سیکیورٹی پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ملک ہونے کی حیثیت سے نیو کلیئر سیکیورٹی بڑھانے اور جوہری عدم پھیلاو کیلئے عالمی کوششوں میں معنی خیز کردار جاری رکھے گا، جب کہ جوہری تنصیبات کے تحفظ کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی نظام موجود ہے۔

نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے این ایس جی سمیت مختلف عدم ایٹمی پھیلاو کے فورمز کا حصہ بننے کے لیے تمام تقاضوں پر پورا اترنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ جوہری عدم پھیلاؤ کے عالمی قوانین کی پاسداری کرتے رہیں گے، پاکستان اپنے دفاع کے لیے کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا جب کہ پاکستان خطے میں پرامن رہنے کا خواہاں اور جنوبی ایشیاء میں اسٹرٹیجک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے ہمسایوں سے مل کر چلے گا۔

شرکاء نے بابر تھری ایس ایل سی ایم اور ابابیل میزائل نظام کے تجربات میں ٹیکنیکل معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان تجربات سے پاکستان اسٹریٹجک صلاحیتوں کے ایک نئے دور میں داخل ہوا۔ اجلاس میں برآمد کنٹرول اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے بھی اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کے ایکسپورٹ کنٹرول اقدامات بین الاقوامی قوانین کے مطابق جامع ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس کے شرکا کو نیشنل اسپیس پروگرام 2047 اور نیوکلیئر پاورپروگرام پر بریفنگ دی گئی جس کے بعد دونوں پروگرام کی منظوری بھی دی گئی، پروگرامز پرامن اور بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہیں جب کہ شرکا کا کہنا تھا کہ نیوکلیئرایپلی کیشن کا پرامن استعمال پائیدار ترقی کے اہداف کےحصول میں مددگارہوگا، پاکستان عالمی سطح پر ان شعبوں میں اپنے تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے۔ این سی اے نے نیوکلیئر ایپلی کیشن کا صحت، زراعت، ادویات، انڈسٹری میں استعمال کو بھی سراہا۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply