پیالی میں طوفان (25) ۔ ڈائیٹ کولا اور خراب انڈا/وہاراامباکر

ہمارے لئے یہ روزمرہ کا مشاہدہ ہے کہ گریویٹی ٹھوس اشیا ء کو کھینچتی ہے۔ لیکن ان ٹھوس اشیا کے اردگرد سیال بھی بہہ رہے ہیں۔ ہوا اور پانی اپنے پر لگی قوت کی وجہ سے جگہیں بدلتی ہیں۔ اور یہ ایک ٹریجڈی ہے کہ ہم انہیں اتنی آسانی سے نہیں دیکھ پاتے جیسے پتے کو گرتا ہوا دیکھتے ہیں۔ مائع پر بھی ویسی ہی قوت لگتی ہے جیسا کہ ٹھوس اشیا پر لیکن یہ اپنی شکل برقرار نہیں رکھتے اس لئے فلوئیڈ ڈائنامکس کی دنیا خوبصورت ہے۔ لہراتی، بل کھاتی، بھنور اور چکر بناتی، عجیب دنیا جو ہر جگہ پر ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اچھال کی قوت کی مدد سے ہم یہ جان سکتے ہیں کہ کسی شے کے اندر کیا ہے۔ آپ ایک کین کوکاکولا کا لیں اور دوسرا ڈائیٹ کوکا کولا کا۔ ان کو پانی میں ڈالیں تو ڈائیٹ کولا والا کین تیرنے لگے گا۔ ان دونوں میں حجم ایک ہی ہے۔ فرق اس کا ہے جو کہ اس کے اندر ہے اور یہ چینی ہے جو کہ کثیف ہے۔ ایک کین میں 35 سے 50 گرام چینی ہوتی ہے۔ اور اس اضافی ماس سے فرق پڑتا ہے جو کہ اسے پانی سے بھاری کر دیتا ہے اور یہ ڈوب جاتا ہے۔ ڈائیٹ کولا میں جو sweetener ڈالا جاتا ہے، اس کا ماس بہت کم ہے تو یہ بنیادی طور پر پانی اور ہوا سے بھرا ہے اس لئے تیرتا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

ایک اور مفید مثال کچے انڈے کی ہے۔ یہ پانی سے زیادہ کثیف ہیں تو یہ سرد پانی میں ڈوب کر نیچے پڑے رہیں گے۔ لیکن اگر یہ فریج میں کئی دنوں سے پڑے ہیں تو یہ رفتہ رفتہ کچھ خشک ہو چکے ہوں گے۔ اور کچھ پانی اس کے چھلکے کے مساموں کے ذریعے فرار ہو چکا ہو گا۔ اس کی جگہ گول والے حصے میں ہوا کے مالیکیول نے لے لی ہو گی۔ ایسا انڈا جو تقریباً ایک ہفتہ پرانا ہے، ڈوب جائے گا لیکن اس کا نوکیلا کنارہ اوپر کی طرف رہے گا۔ لیکن اگر انڈا مکمل طور پر تیرنے لگے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ انڈا زیادہ پرانا ہے۔ ناشتے میں کھانے کے لئے کسی اور چیز کا سوچا جا سکتا ہے۔
(جاری ہے)

Facebook Comments

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply