• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کا طریقہ کار ترتیب دے لیا

پی ٹی آئی نے جیل بھرو تحریک کا طریقہ کار ترتیب دے لیا

پاکستان تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کا طریقہ کار مرتب کر لیا۔ چیئرمین تحریک انصاف نے جیل بھرو تحریک کے فوکل پرسن اعجاز چوہدری کو تمام صوبائی اور ڈویژن کے صدور سے ڈیٹا لینے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جیل بھرو تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے پی ٹی آئی کے رہنما سرگرم ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک میں مرحلہ وار گرفتاریاں دی جائیں گی۔ عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کا اعلان ہوتے ہی پاکستان کے بڑے شہروں سے گرفتاریاں دی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں لاہور سے 200 کارکنان اور 5 لیڈر گرفتاریاں دیں گے۔ دوسرے مرحلے میں پشاور شہر سے تحریک انصاف کے 200 کارکنان اور 5 لیڈرز جیل جائیں گے۔ جیل بھرو تحریک کے طریقہ کار کے تحت روزانہ کی بنیاد پر ایک شہر سے گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔ پاکستان کے بڑے شہروں سے کم از کم 3 ہزار کارکنان جیل بھرو تحریک کا حصہ ہوں گے۔

فوکل پرسن جیل بھرو تحریک اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں اور اضلاع میں جیل بھرو تحریک کی تیاریوں کا جائزہ لے کر رپورٹ جلد چئیرمن کو پیش کروں گا۔ جیل بھرو تحریک کے سلسلے میں کے پی کے دورے کے بعد سندھ سمیت دیگر صوبوں کا بھی دورہ کروں گا۔ کارکنوں کا جیل بھرو تحریک کے جوش وجذبہ بلند ہے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ماضی میں ججوں کو خریدنے والوں کی اولاد آج دوبارہ عدلیہ کو ہدف بنا رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ 27 مارچ 2022 کو حقیقی آزادی کی شروع کی گئی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ملک کو آئین کے مطابق آگے بڑھنا ہے۔ آئین کو پامال کرنے کی ہر کوشش کے راستے میں ہم رکاوٹ بنیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جدوجہد کرتے ہوئے ہم کوئی غیر آئینی راستہ نہیں اپنائیں گے۔ ملک میں قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی نظام کی بحالی کے لئے جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں۔ بجائے اس کے کہ امپورٹڈ حکومت لوگوں پر تشدد اور جھوٹے مقدمےکرے ہم خود پیش ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں اس وقت فسطائیت کا راج ہے۔ تمام ملک دشمن قوتوں کے خلاف آئین کے اندر رہتے ہوئے پرامن سیاسی جدوجہد کر رہے ہیں۔

انہوں  نے کہا کہ ایک ماہ پہلے آئین کے تحت پنجاب اور کے پی اسمبلیاں تحلیل ہوئیں،آج تک انتخابات کی تاریخ نہیں دی گئی۔ عدالت کے حکم کے باوجود تاریخ نہیں دی جا رہی۔ یہ حکومت انتخابات کروانے میں سنجیدہ نہیں دکھائی دے رہی۔ انتخابات کے لئے فنڈز اور سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے لئے بہانے بنا رہے ہیں۔ ہم کسی صورت آئین کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ملک میں عوام بدترین مہنگائی کے بوجھ تلے دب چکے ہیں۔ اس وقت قیمتیں ایک تہائی سے نصف تک بڑھ چکی ہیں۔ عام آدمی کی قوتِ خرید بلکل جواب دے چکی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت ہم نے عوام کو جو سہولیات فراہم کیں، ان کو بند کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ میڈیا پر آج کل پوری طرح حکومت کے ظلم و ستم کی داستان دکھائی ہی نہیں جاتی۔ امپورٹڈ حکومت پر دباؤ بڑھانے کی خاطر جیل بھرو تحریک شروع کر رہے ہیں۔ پہلے کہا گیا کہ اسمبلیاں تحلیل کریں فوری انتخابات کروا دیں گے۔ اب اس بات کے متعلق ان میں سے کوئی جواب دینے کو تیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ باجوہ نے اقرار کیا میں نے عمران خان کا اقتدار ختم کروایا۔ کیا یہ ملک ڈاکٹرائنوں سے چلے گا کوئی آئین موجود نہیں؟ دستورِ پاکستان سے انحراف کرنا پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ اس حکومت کی فسطائی ذہنیت پاکستان کو کھائی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ دعوے کئے گئے کہ ملک کو بحرانوں سے نجات دلوائیں گے،مگر حالات ابتر کر دئیے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ موجودہ وزیر خارجہ افغانستان کے سوا پوری دنیا میں گھوم رہا ہے۔ ملک میں دہشتگردی واپس آ چکی ہے۔ عمران خان کے دور میں دہشتگردی پر قابو پا لیا گیا تھا۔ ہم نے ملک میں امن کے قیام میں بہترین کردار ادا کیا۔ پاکستان میں عدالتوں کو کام کرنے کی آزادی ہونی چاہئے۔ آج کل عدلیہ کو دھمکیاں لگائی جا رہی ہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

انہوں نے کہا کہ ججوں کو خریدنے والوں کی اولاد آج دوبارہ عدلیہ کو ہدف بنا رہی ہے۔ ہماری تحریک مافیا سے نجات کی تحریک ہے۔ پورے ملک سے لوگ جیل بھرو تحریک میں حصہ لیں گے،جیلیں بھر دیں گے۔ ہمارے لاکھوں کارکنان جیل جانے کے لئے تیار ہیں۔ امپورٹڈ حکمران ہوش کے ناخن لیں،آئین سے ماورا اقدامات نہ کریں۔ آئین کے خلاف اگر کوئی کام ہوا تو ہم بھرپور مزاحمت کریں گے۔ عمران خان کے اعلان کے بعد سب سے پہلے لاہور میں گرفتاریاں پیش ہوں گی۔ ہر ضلع سے گرفتاریاں دینے والے کارکنان کے ساتھ 5 پارلیمنٹرین بھی شامل ہوں گے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply