• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • زلزلہ آنے کی صورت میں فوری طور پر کیے جانے والے اقدامات

زلزلہ آنے کی صورت میں فوری طور پر کیے جانے والے اقدامات

ترکیہ اور شام میں پیر کے روز 7.8 شدت کے زلزلے کو 2 روز گزر جانے کے باوجود تباہ کاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق سیکڑوں عمارتوں کے زمین بوس ہونے سے ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ تاحال متعدد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ موجود ہے جس کیلئے تاحال ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہزار سے بھی تجاوز کرگئی، ترکیہ میں 5ہزار 434 جب کہ شام میں ایک ہزار 832 افراد زلزلے کی وجہ سے جان سےگئے، مجموعی طور پر 16ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔

زلزلہ ایک قدرتی آفت ہے جو کبھی بھی آسکتا ہے اور تباہی مچا سکتا ہے، زلزلے کے حوالے سے پیشگوئی کرنا بظاہر ناممکن ہے، لہٰذا شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ زلزلہ آنے کی صورت میں چند اہم احتیاطی تدابیر سے واقف ہوں۔

ایسی ہی چند اہم احتیاطی تدابیر آج ہم آپ کو بتارہے ہیں جو زلزلے کے دوران آپ کو کچھ حد تک محفوظ رکھ سکتی ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے محسوس کریں تو اپنے ہوش وحواس قابو میں رکھیں۔ خوفزدہ ہو کر بغیر سوچے سمجھے بھاگنے ،اوپر کی منزل سے چھلانگ لگانے اور چیخنے چلانے سے پرہیز کریں۔

زلزلہ آنے کی صورت میں اگر آپ گھر میں موجود ہیں تو فوری طور پر ہاتھوں اور پیروں کے بل زمین پر بیٹھ جائیں اور کسی میز کے نیچے پناہ لے لیں اور اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیں، زلزلے کے جھٹکے رکنے تک وہاں سے باہر نہ نکلیں۔

زلزلے کے جھٹکوں کے دوران بھاگنے سے گریز کریں۔

زلزلے کے دوران گھر میں موجود بھاری فرنیچر کے قریب نہ جائیں اور دوری ہی اختیار کریں، زلزلے کی وجہ سے وہ فرنیچر آپ پر گر بھی سکتا ہے، اس کے علاوہ شیشے کی کھڑکیوں سے گزرنے کی کوشش ہر گز نہ کریں، زلزلے کی وجہ سے شیشہ ٹوٹ کر آپ کو لگ سکتا ہے۔

زلزلے کی صورت میں لفٹ کا استعمال ہر گز نہ کریں کیونکہ اس کے جام ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

اس وقت تک گھر سے باہر جانے کی کوشش نہ کریں جب تک زلزلہ رک نہ جائے۔

اگر آپ زلزلے کے وقت گھر سے باہر ہیں تو فوراً کھلی جگہ پر چلے جائیں، اونچی عمارتوں اور بجلی کے تاروں کے قریب بالکل نہ جائیں کیونکہ زلزلے کی وجہ سے وہ گر سکتی ہیں اور آپ ملبے تلے پھنس سکتے ہیں۔

اگر آپ گاڑی میں موجود ہیں تو زلزلہ آنے کی صورت میں اپنی گاڑی کو روک لیں، کسی پل یا عمارت کے قریب گاڑی کھڑی کرنے سے پرہیز کریں، اس بات کا دھیان رہے کہ پل، فلائی اوور کے اوپر یا نیچے نہ ہوں اور نزدیک بجلی کے تار، کھمبے، ٹاور یا اشتہاری ہورڈنگ نہ ہوں۔

اس کےعلاوہ اگر آپ کسی پہاڑی علاقے میں موجود ہیں تو زلزلے کی صورت میں اس بات کا خیال رکھیں کہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے کوئی پتھر آپ کی جانب نہ گر پڑے۔

ایک بار زلزلے کے جھٹکے ختم ہوجائیں تو بالکل مطمئن نہ ہوجائیں بلکہ آفٹر شاکس کے لیے الرٹ رہیں۔

Advertisements
julia rana solicitors

اس کے علاوہ زلزلے کے بعد ماچس یا لائٹر جلانے کی بالکل کوشش نہ کریں،ہوسکتا ہے کہ زلزلے کی وجہ سے گیس لائن کو نقصان پہنچا ہو اور آپ جیسے ہی لائٹر جلائیں آگ بھڑک اٹھے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply