پاکستان کے لئے تحریک انصاف ناگزیر ہو چکی ہے/نعمان خان مروت

موجودہ  دور میں یہ بات مضحکہ خیز حد تک عجیب لگ سکتی ہے مگر پاکستان کی سیاسی اور معاشرتی حقیقتوں کو دیکھتے ہوئے نظر آتا ہے کہ ایک نظریہ ایسا ہے جو پاکستان کو موجودہ معاشرتی انحطاط اور سیاسی تقسیم سے نکال سکتا ہے۔ یہ نظریہ پاکستان تحریک انصاف کا نظریہ ہے جو کراچی سے لے کر کشمیر تک ہر طبقے کے افراد کو پاکستان کے قومی رنگ میں ڈھال دیتا ہے۔

پاکستان کی قومی اور سیاسی تاریخ میں 1971 کا سال انتہائی افسوس ناک ہونے کے ساتھ ساتھ کئی حوالوں سے خاصا سبق آموز بھی ہے۔ جب کبھی پاکستان کی ریاست سیدھے راستے سے بھٹکنے لگے تو اس کو 1971 کو یاد کر کے اپنی سمت کو درست کر لینا چاہیے۔ 1971 میں پاکستان کا معاشرہ  صوبائی اور لسانی بنیادوں پر تقسیم ہو چکا تھا۔ ملک کا ایک حصہ الگ ہو چکا تھا۔ 90 ہزار سے زیادہ پاکستانی فوجی دشمن کی قید میں تھے۔ عوام اور فوج میں انتہا درجے کی مایوسی پیدا ہو چکی تھی۔ دشمن ملک مشرقی پاکستان کو علیحدہ کرنے کے بعد اب مغربی پاکستان کو بھی توڑنے کے عزائم رکھتا تھا۔ ملک کے پاس سیاسی قیادت کا فقدان تھا۔ ریاست کے امور کو چلانے کے لیے آئین ہی موجود نہیں تھا۔ شہریوں کے پاس شناختی کارڈ اور پاسپورٹ نہیں تھا اور سب سے بڑھ کر قوم میں جینے اور آگے بڑھنے کی امید دم توڑ چکی تھی۔

اس تاریک دور میں ایک آواز اٹھی جس کی گونج ریاست پاکستان کے کونے کونے میں سنائی دی۔ وہ آواز امید، ترقی اور خوشحالی کی آواز تھی جس نے ہر مایوس روح کے اندر زندگی کی شمع روشن کر دی۔ یہ آواز ذوالفقار علی بھٹو کی تھی جنہوں نے شکست خوردہ اور تقسیم شدہ قوم کو باور کروایا کہ وہ پھر سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتی ہے۔ تاریخ نے یہ ثابت کیا کہ پاکستان ایک مرتبہ پھر سے ترقی اور یکجہتی کے راستے پر گامزن ہوا اور چند ہی سالوں میں تیسری دنیا کے رہنما ملک کے طور پر اپنے آپ کو منوانے میں کامیاب ہو گیا۔

آج وہی جذبہ اور دور اندیشی ہمیں عمران خان جیسے رہبر میں نظر آتی ہے۔
پاکستانی معاشرے کو مریم، بلاول، حمزہ اور مونس کے بجائے عمران خان جیسے رہنماؤں کی ضرورت ہے۔

آج پاکستان پھر سے شدید اندرونی تقسیم کا شکار ہو چکا ہے۔ صوبائی تعصب انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے۔ برادریوں کی سیاست نے قومی یکجہتی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ مذہبی انتہاپسندی معاشرتی امن کو تباہ کر رہی ہے۔ نوجوان نسل پاپولسٹ اور بناوٹی سیاست کے جذباتی ریلے میں بہہ کر بے راہ روی کا شکار ہو چکی ہے۔ ملک کی مٹھی بھر اشرافیہ ریاست کے اکثریتی وسائل پر قابض ہے۔ نوجوان بے روزگار ہیں اور مستقبل کی فکر انہیں کھائے جا رہی ہے۔ کسان اور مزدور پھر سے پریشان حال ہیں اور ملکی معیشت کا یہ عالم ہے کہ پاکستان چند ڈالروں کے حصول کے لئے کشکول لے کر در در کی ڈھوکریں کھانے پر مجبور ہو چکا ہے۔

موجودہ دور میں پاکستان پھر سے اپنی منزل کا نشان کھو چکا ہے۔ ان حالات کو دیکھتے ہوئے مولانا ابوالکلام آزاد کی برسوں پہلے کہی بات سچ دکھائی دے رہی ہے کہ ایک وقت ایسا آئے گا کہ پاکستان کا نوجوان اس ریاست کے وجود پہ آواز اٹھانے لگ جائے گا۔ 1971 میں بھی ایسی ہی صورت حال تھی۔ مشرقی پاکستان کے الگ ہونے پر یہی سوچ تھی کہ دو قومی نظریے کا خاتمہ ہو گیا ہے جس کی بنیاد پر پاکستان کا قیام عمل میں آیا تھا۔ مگر اس وقت بھٹو صاحب جیسے قومی رہنما نے پاکستانی قوم کو یکجہتی، خوشحالی اور ترقی کے راستے پر ڈال کر ان مفروضوں کو دفن کر دیا۔

پاکستان کے معاشرتی پیرائے میں ایک نکتہ بڑا اہم ہے کہ اس ملک میں کئی مذاہب، فرقوں، رنگوں، قوموں اور زبانوں والے افراد بستے ہیں۔ اس لیے پاکستان کے معاشرے کو ایسے سیاسی نظام کی ضرورت ہے جو اتنی وسعت رکھتا ہو کہ معاشرے کی تمام اکائیوں کو اپنے اندر اس انداز سے سمو سکے کہ اس کے بعد شیعہ، سنی، پنجابی، پٹھان، بلوچی، سندھی، ہندو اور مسلمان کی کوئی تفریق نہ رہے۔ بلاشبہ یہ خوبی ریاست کی بنیادی تعریف میں بھی شامل ہے کہ ریاست کے اندر ہر فرد رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر ریاست کے لیے یکساں اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ موجودہ حالات میں بدقسمتی سے اس مساواتی تصور کی عملی تصویر بنتی نظر نہیں آ رہی۔ ریاست کی ہر اکائی الگ الگ راستے پر گامزن ہے۔ ریاست کی اجتماعی فکری سوچ معدوم ہو چکی ہے۔ کوئی بھی ریاست اس قدر تقسیم کے ساتھ زیادہ دیر تک اپنے وجود کو برقرار نہیں رکھ سکتی۔

پاکستان میں موجودہ دور میں مذہب کو بہت خطرناک طریقے سے سیاست میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ فرقہ پرستی اور انتہا پسندی نے سیاست کا چہرہ بگاڑ کے رکھ دیا ہے۔ کوئی سیاسی جماعت طالبان کو خاص صوبوں میں حملے نہ کرنے کا کہتی ہے تو کوئی سیاسی جماعت طالبان کی ہر فورم پر وکالت کرتی نظر آتی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے بے نظیر بھٹوکو جب وہ لندن میں طالبان کے حق میں بیان دیتی نظر آئی۔ پاکستان کے نوجوان کو یہ دیکھنے اور سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ایک سیاسی جماعت ایسی ہے جس نے کبھی مذہب، انتہا پسندی اور فرقہ پرستی کی سیاست نہیں کی اور نہ ہی کبھی اس نے سیاست میں آڈیو ویڈیو جیسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے ہیں۔ یہ جماعت پاکستان تحریکِ انصاف ہے۔ پاکستان تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو انتہا پسندی کے نظریے کے خلاف ہے۔ اس کے مقابلے میں پیپلز پارٹی جو یہ دعویٰ کرتی ہے کہ وہ پاکستان کو ایک کڑی میں سموتی ہے بالکل حقائق کے خلاف بات ہے۔ سندھ میں وہ اپنی مخالف جماعتوں کو برداشت نہیں کرتی۔ سیاسی بنیادوں پر کیس بنائے جاتے ہیں۔ یہاں کے لوگوں کے لئے حیران کن ہے کہ وہ یہاں سے جیت جائے کیونکہ صوبہ بنیادی ضروریات کے لحاظ سے خیبر پختونخوا سے بھی پیچھے ہے۔ جی ہاں، خیبر پختونخوا جو دو دہائیوں سے دہشتگردی کا شکار ہے۔

بے نظیر بھٹو انتہا پسندی کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئیں۔ آج پاکستان میں طالبان مختلف شکلوں میں ہمارے فوجی جوانوں، پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ۔ ان کو اس بات کا ادراک تھا کہ یہ اتنہا پسند طاقتیں ان کی جان لینے کے درپے ہیں مگر آج کی پیپلز پارٹی صرف آصف زرداری کی سرمایہ دار سیاست کے گرد گھومتی ہے۔

عمران خان کو ہم نے اقوام عالم میں بھی دیکھا ہے کہ کس طرح FATF کی گرے لسٹ سے پاکستان کو نکالنے میں کردار ادا کیا۔ کشمیر کا مقدمہ لڑا اور اقوامِ متحدہ میں بھارت کو مؤثر جواب دیا۔

Advertisements
julia rana solicitors

پاکستان پھر سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر قومی یکجہتی اور ریاستی منزل کھو چکا ہے۔ ان حالات میں ایک نظریہ اور پارٹی جو پاکستان کو پھر سے یکجا کر سکتی ہے وہ بلاشبہ پاکستان تحریکِ انصاف ہے۔ سوشل میڈیا کی مصنوعی چمک سے چندھیائے اور تاریخی سیاق و سباق سے عاری معلومات کے گرداب میں پھنسے پاکستان کے نوجوان کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ ریاست پاکستان کے وجود اور اس کی بقا کے لیے کبھی پاکستان تحریک انصاف ضروری تھی مگر آج ناگزیر بن چکی ہے۔

Facebook Comments

مکالمہ
مباحثوں، الزامات و دشنام، نفرت اور دوری کے اس ماحول میں ضرورت ہے کہ ہم ایک دوسرے سے بات کریں، ایک دوسرے کی سنیں، سمجھنے کی کوشش کریں، اختلاف کریں مگر احترام سے۔ بس اسی خواہش کا نام ”مکالمہ“ ہے۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply