نشہ شراب میں ہوتا تو۔۔/عامر عثمان عادل

دختر انگور کے بھی کیا کہنے ہیں جس کا ایک گھونٹ پینے والے ایسا بہکتے ہیں کہ جھوم اٹھتے ہیں
ایک بحث یہ بھی ہے کہ نشہ شراب میں ہوتا ہے یا پھر اس کو پینے والے ہی کم ظرف نکلتے ہیں جو آپے سے باہر ہو ہو جاتے ہیں
اسی لئے تو شاعر نے کہا تھا
نشہ شراب میں ہوتا تو ناچتی بوتل
خبر ہے کہ گجرات کے چوہدری صاحب پر بھی 3 بوتل ولائتی شراب ڈال دی گئی ہے ۔ ویسے اس فلم کا ڈائریکٹر بھی کمال کرتا ہے چوہدری خود لاہور میں گن مین اور ڈرائیور اسلام آباد میں اور برآمد کیا ہوا 3 بوتل ولائتی شراب۔۔
باقی تو سب ٹھیک ہے کہ یہ ہماری سیاست کا چلن ہے مخالف پر کچھ بھی ڈالنا پڑے ڈال دو لیکن گرفتار گن مین اور ڈرائیور کا یہ الزام کہ چوہدری پرویز الہی رنگین مزاج آدمی ہیں اور ان کے لئے لڑکیاں سپلائی کی جاتی ہیں انتہائی  بھونڈا مذاق لگتا ہے۔
لگتا نہیں کہ ایک ستر پچہتر سالہ سیاستدان اس سطح کی عیاشی میں ملوث ہو جو مذہبی رحجان بھی رکھتا ہے جس نے اپنی اسپیکر شپ اور اب مختصر وزارت اعلیٰ کے دوران دین اسلام اور ختم نبوت کے تحفظ کے لئے گرانقدر کام کیا ہو۔۔بہر حال جی دیس پیارے میں سب ممکن ہے
چوہدری پرویز الہی کے جدِ امجد چوہدری ظہور الہٰی کے خلاف بھی ذوالفقار علی بھٹو نے بھینس چوری کا مقدمہ درج کرا کے کوہلو جیل میں قید رکھا۔
جن کے ہاتھ میں ڈگڈگی ہے وہ بھی کمال کرتے ہیں
خفا ہو جائیں تو حسینہ پاکستان عتیقہ اوڈھو کے پرس سے شراب برآمد ہو جاتی ہے۔
قاضی وقت ہسپتال میں چھاپہ مار کر شرجیل میمن کے کمرے سے شراب برآمد کرے تو چھو منتر والے اسے شہد بنا دیتے ہیں
جب کسی رانے کے کس بل نکالنا ہوں تو موٹر وے پر اس کے بریف کیس سے کروڑوں روپے کی ہیروئن نکال لیتے ہیں
اور جب وہ سجدہ سہو کر لے تو وزارت داخلہ کے رانگلے پیڑے پہ بٹھا دیتے ہیں
اور اب گجرات کے چوہدری نے بات نہ مانی تو ڈرائیور کے بیگ سے 3 ولائتی بوتلیں برآمد ہو گئیں
اب دیکھتے ہیں چوہدری صاحب بھی توبہ تائب کر کے روٹھے سیاں کو منا لیتے ہیں یا نہیں ۔

Facebook Comments

عامر عثمان عادل
عامر عثمان عادل ،کھاریاں سے سابق ایم پی اے رہ چکے ہیں تین پشتوں سے درس و تدریس سے وابستہ ہیں لکھنے پڑھنے سے خاص شغف ہے استاد کالم نگار تجزیہ کار اینکر پرسن سوشل ایکٹوسٹ رائٹرز کلب کھاریاں کے صدر

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply