پاکستان سپر لیگ نے کاروباریوں کی چاندی کر دی

وطن عزیز کی تاریخ کی سب سے مہنگی لیگ دوسری بار تہلکہ مچانے کوہے تیار۔ پاکستانی چینلز کی اسکرین اپنی اپنی فرنچائز کو پروموٹ کرنے میں مصروف عمل ہے ۔پاکستان سپر لیگ کے شروع ہوتے ہی کرکٹ کے کھیل سے جڑے سامان کی فروخت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سیالکوٹ کی اسپورٹس انڈسٹری میں زبردست گہما گہمی ہے اور پی ایس ایل شرٹس کی پچھلی بار سے زیادہ ڈیمانڈکی امید پر تاجر حضرات نے اپنی جمع پونجی کی سرمایہ کاری کر دی ہے ۔اسپورٹس گڈز کے مالکان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ منافع کی شرح گزشتہ برس سے زیادہ ہوگی۔ ایک اندازے کے کے مطابق سپر لیگ کے پانچوں فرنچائزرز نے سیالکوٹ کی مختلف اسپورٹس گڈز کمپنیوں سے معاہدہ کر رکھا ہے ،جو انہیں کرکٹ کٹس اور ساز و سامان فراہم کر رہی ہیں۔ سیالکوٹ سے جڑے ایک تاجر کاکہنا ہے کہ پی ایس ایل سے کاروبار ی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں ۔مقامی سطح پر ٹیموں کی شرٹس ،بیٹ پر لگنے والے اسٹیکرز، کیپس اور دیگر چیز وں کی خرید و فرخت میں اضافے کی وجہ سے طلب میں بھی اضافہ ہوا ہے اورایک اندازے کے مطابق پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کے آغاز سے قبل0 5ہزار پی ایس ایل کٹس تیار کی جا چکی ہیں ۔جن کی طلب میں ٹورنامنٹ کے آغا ز کے بعد مزید اضافے کی امید ہے ۔وطن عزیز میں بھی کھیلوں کے سامان کے ساتھ ساتھ پی ایس ایل کی شرٹس کی ڈیمانڈ میں بھی بہت اضافہ ہواہے۔گزشتہ سال پی ایس ایل کے بتدائی دنوں میں لاہور قلندر اور کراچی کنگز کی شرٹس کی ڈیمانڈکافی زیادہ تھی ،لیکن جیسے جیسے اسلام آباد یو نائیٹڈ کی کار کردگی بہتر ہوتی گئی ،ان کی شرٹس کی فروخت میں اضافہ ہو گیا تھا ۔زینب مارکیٹ صدر کے ایک دوکاندار نے بہت خوشی سے بتایاکہ پی ایس ایل شرٹس کا پہلا اسٹاک صرف ایک ہفتے کے اندر ہی فروخت ہو چکاہے اور سب سے زیادہ فروخت ہونے والی شرٹس پشاورزلمی کی ہے اور دوسرے نمبرپر کراچی کنگز کی شرٹس فروخت ہوئی ہیں۔
دوسری جانب عرب امارات کے مختلف شہروں میں منعقدہ پاکستان سپر لیگ کی بدولت مقامی کاروبار بھی چمک اٹھے ہیں۔ عرب امارات میں مقیم ہمارے دوست کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے عرب امارات کی شاہراہوں پر لیگ کے تشہیری بورڈ آویزاں کئے گئے ہیں اور بسوں اور ٹیکسیوں پر بھی اشتہارات لگوائے گئے ہیں۔ دبئی کے شیخ زید اسٹیڈیم کے باہر میلے کا سماں ہے اور اس کی قسمت بھی جاگ گئی ہے ۔پاکستان سے کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد یو اے ای پہنچ رہی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں سینکڑو ں معروف ٹریول کمپنیوں نے پاکستان سپر لیگ کے رواں سیزن میں مختلف اقسام کے پیکجز متعارف کرائے ہیں۔ جس کی مالیت ایک لاکھ پچاس ہزار سے لیکر فی کس6 لاکھ روپے تک ہے۔ وی آئی پی پیکچ کے تحت دبئی میں تمام میچوں کے دوران شائقین کیلئے رہائش کے ساتھ کھانے پینے کا بھی بندوبست کیا جائے گاجبکہ سپر لیگ میں سپر اسٹار کھلاڑیوں کے ساتھ سیلفی بنانے کی سہولت بھی فر اہم کی جائے گی ۔ کراچی میں ٹریولنگ کے کاروبار سے منسلک فرحان پراچہ کا کہنا ہےکہ دو طرح کے لوگ عرب امارات کا سفر کرتے ہیں ۔ایک تووہ جواپنی چھٹیاں گزارنے یواے ای جاتا ہے دوسرے وہ لوگ جو خاص طور پر کر کٹ دیکھنے جاتے ہیں ۔ پی ایس ایل کی وجہ سے عرب امارات میں چھٹیا ں گزارنے والے لوگ اب پاکستان سپر لیگ کے منتظر ہوتے ہیں تاکہ ایک ٹکٹ میں دو مزے لے سکیں۔ پاکستان اور عرب امارات میں پی ایس ایل ایونٹ کاروباری حضرات کیلئے کرسمس اور عید جیسا تہوار بن گیا ہے جس سے تاجروں کی خوب چاندی ہو گئی ہے دعاہےکہ جلد از جلد پی ایس ایل وطن عزیز کے شہروں کے اسٹیڈیمز میں بھی کھیلا جائے تاکہ ہم جیسا متوسط طبقہ بھی کرکٹ سے لطف اندوزہوسکے ۔

Facebook Comments

مزمل فیروزی
صحافی،بلاگر و کالم نگار پاکستان فیڈرل کونسل آف کالمسٹ کے رکن مجلس عاملہ ہیں انگریزی میں ماسٹر کرنے کے بعد بطور صحافی وطن عزیز کے نامور انگریزی جریدے سے منسلک ہونے کے ساتھ ساتھ کراچی سے روزنامہ آزاد ریاست میں بطور نیوز ایڈیٹر بھی فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ صبح میں شعبہ تدریس سے بھی وابستہ ہیں اردو میں کالم نگاری کرتے ہیں گھومنے پھرنے کے شوق کے علاوہ کتابیں پڑھنا اور انٹرنیٹ کا استعمال مشاغل میں شامل ہیں آپ مصنف سے ان کے ٹوءٹر اکائونٹ @maferozi پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔۔۔

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply