میانمار کی فوجی عدالت نے آنگ سانگ سوچی کو مزید 7 سال قید کی سزا سنا دی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق میانمار کی برطرف جمہوریت پسند رہنما آنگ سانگ سوچی کے خلاف 5 درج مقدمات کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں مزید 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے، جس کے بعد انہیں مجموعی طور پر 33 برس قید کا سامنا کرنا ہوگا۔
عدالت نے آنگ سانگ سوچی کو ایک حکومتی وزیر کے لیے ہیلی کاپٹر کی خدمات لینے، اسے چلانے اور خریدنے سے متعلق بدعنوانی کے پانچ مقدمات میں 7 برس کی سزا سنائی ہے، جس میں ان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر ریاست کو نقصان پہنچایا۔
آنگ سانگ سوچی کو 14 الزامات بشمول بدعنوانی، غیرقانونی طور پر واکی ٹاکیز رکھنے اور کورونا وائرس پابندیوں کی خلاف ورزی کرنے جیسے مقدمات میں سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔
فروری 2021 سے فوج کی جانب سے منتخب حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد سے آنگ سان سوچی جیل میں ہیں۔ اس دوران ان پر 19 الزامات کے تحت کیسز چلائے گئے ہیں۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں