کوئٹہ: سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف میں شمولیت کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے مختلف قبائل کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کی موجودگی میں جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
نواب اسلم رئیسانی نے کہا کہ جے یو آئی ف کے ساتھ بہت پرانا دوستانہ تعلق ہے اور اب بلوچستان میں جے یو آئی کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے لوگوں نے ماضی میں ہمارا بہت ساتھ دیا اور عوام کی بہتری کے لیے ہم سب مل کر جدوجہد کریں گے۔
اس موقع پر سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواب اسلم رئیسانی سے کوئی پہلی بار ملاقات نہیں ہوئی اور میں ماضی سے کوشش کر رہا تھا کہ اسلم رئیسانی ہمارے ساتھ چلیں۔ بلوچستان میں مسائل کے انبار ہیں جنہیں حل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اپنی حکومت قائم کرنے کے لیے محنت کرنا پڑے گی۔ بلوچستان معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے اور صوبے کے عوام ہی مقامی وسائل کے مالک ہیں۔ بیرونی قوتیں ہم پر مسلط ہوتی ہیں تو ہمارے اپنے ان کے وفادار بن جاتے ہیں تاہم ہم امریکہ اور دیگر ممالک کو کہتے ہیں کہ غلامی قبول نہیں تاہم آپ کے دوست رہیں گے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں