جاب سرچ کے لئے UAE آنے والوں کیلئے چند گزارشات

یہ تقریباً ٢٠٠٩ کے اوائل کی بات ہے جب اپنی
Cv میں ایم اے اردو اور ایم بی اے کا پورٹ فولیو سجاۓ ہم باقاعدہ نوکری کی تلاش میں نکلے. والد صاحب بینک میں ایک اعلیٰ عہدے پر فائز تھے لیکن اس کے باوجود انکی واضح ہدایت تھی کہ مجھ سے کسی سفارش کی امید مت رکھنا . اور ہم خود سے کبھی اتنے قابل رہے ہی نہیں کہ اپنے بل بوتے پر کچھ کر سکتے. ان دنوں میں ریڈیو پاکستان سے وابستہ تھا وہاں کچھ دوستوں کی بابت معلوم ہوا کہ لاہور میں اک نیا ٹی وی چینل لانچ ہونے جا رہا ہے اور وہاں کچھ نئے لوگوں کی ضرورت ہے. یہ دنیا نیوز کی ٹیسٹ ٹرانسمیشن کا دور تھا. ان دنوں دنیا نیوز کا ہیڈ آفس لبرٹی راؤنڈ آبوٹ سے قذافی اسٹیڈیم کی طرف آتے ہوئے پہلے راؤنڈ ابوٹ کے پاس تھا۔
.CVمیں NCA اور ریڈیو پاکستان کے ساتھ جرنلزم اسٹڈیز کا دم چھلا لگا ہونے کا اتنا فائدہ ضرور ہو گیا کہ ہمیں بھی اس بلڈنگ میں گھسنے کی اجازت مل گئی.وہاں کچھ عرصہ پی ٹی وی کے سینئر جرنلسٹ محترم سرور منیر راؤ صاحب کے ساتھ کام کیا. پھر کچھ عرصہ ماڈل ٹاؤن میں واقع اے ٹی وی اور کچھ دیگر چینلز کی خاک چھانتے رہے .کہیں فری لانس کام کیا اور کہیں سے کوئی دو چار پیسے بھی مل جاتے تھے .اسی دوران والد صاحب کے پیسوں کو اک پروڈکشن ہاؤس کم ایونٹ آرگنائزر فرم کی نظر بھی کر چکے تو والدہ صاحبہ کی ہمّت جواب دے گئی جو اس سارے سلسلے سے شروع دن سے نالاں تھیں کہ بقول ان کے یہ کنجروں والا کام ہے اور ہم شریف لوگ ہیں (تب میڈیا اپنی مشروم گروتھ کی جانب گامزن تھا اور پرانے خیالات کے لوگ میڈیا کو اچھا نہیں جانتے تھے ) لہٰذا انکی ضد بلکہ محبّت کے ہاتھوں مجبور ہو کر ہم نے اپنے شوق کا بستر گول کر کے اک طرف رکھا اور والد صاحب کے اک دوست کے توسط سےUAE میں قدم رنجا فرماۓ. یہاں سے اک نئی زندگی کا آغاز ہوا. فی الوقت یو اے ای سے میری آشنائی کو قریباً سات سال ہونے کو ہیں. اک معمولی مارکیٹنگ کوآرڈینیٹر سے اک انٹر پرینیور بننے تک کا میرا یہ سفر بہت کٹھن اور تکلیف دہ رہا.(یہ کہانی پھر سہی ) اس وقت میں UAE میں بطورHRکنسلٹنٹ کام کر رہا ہوں اور کئی دیگر ممالک میں مختلف کمپنیز کے ساتھ بطور انٹرویور جا چکا ہوں ۔
اس ساری تمہید کا مقصد یہ بتانا تھا کہ خدا نے آپکا جتنا رزق جس جگہ لکھ دیا ہے آپکو اس جگہ اتنا رزق مل کے رہے گا.نہ اس سے زیادہ نہ کم. اور بقول شخصے یہ بات بھی ذہن نشین کر لیں کہ الله تعالیٰ اپنے بندے کو بہترین سے نوازنے سے پہلے بدترین سے گزارنے کا اختیار بھی رکھتا ہے سو مشکلات سے کبھی مت گھبرایے اور بس ثابت قدم رہیے۔یہ مضمون خاص طور پہ ان دوستوں کی رہنمائی کے لئے ہے جو جاب کی تلاش میں UAE آنا چاہتے ہیں.متحدہ عرب امارات سات ریاستوں پر مشتمل ملک ہے .جس میں ابو ظہبی ، دبئی ، شارجہ ، عجمان ، راس الخیمہ ، فجیرہ اور ام القوین شامل ہیں
UAE ایک بہت بڑی اور متنوع جاب مارکیٹ کا حامل ملک ہے .یہاں ٩٠ کی دہائی تک پاکستانیوں کی اجارہ داری تھی. پھر وقت کے ساتھ ساتھ ہماری ناقص حکومتی پالیسیوں ، ہمارے سفارت کاروں کی نا اہلی اور ہمارے اپنے لوگوں کے رویوں نے ہمیں پیچھے دھکیل دیا اور اس وقت ہمیں اس مارکیٹ میں سب سے زیادہ مسابقت کا سامنا ہندوستانیوں اور فلپاینیوں سے ہے ۔
UAE کا موسم سال کے زیادہ تر مہینوں میں گرم ہی رہتا ہے .یہاں کے موسم کے بارے میں کہا جاتا ہے کے یہاں صرف دو موسم ہی ہوتے ہیں گرمی اور بہت زیادہ گرمی .جاب ہنٹ کے لئے آنے والوں کے لئے سب سے بہترین وقت اکتوبر سے لے کر مارچ تک تصور کیا جاتا ہے .ان مہینوں میں موسم معتدل ہوتا ہے اور ریکروٹمنٹ اپنے عروج پر ہوتی ہے .جاب ہنٹ کے لئے
UAE آنے والے درج ذیل ویزا کی تین کیٹگریز میں سے اپنی سہولت کے مطابق کوئی بھی منتخب کر سکتے ہیں ۔
Tansit vis :-
یہ چودہ دنوں کا انٹری پرمٹ ہوتا ہے جو آپکو زیادہ سے زیادہ
تقریباً ٣٠٠ سے ٣٥٠ درہم میں مل جاتا ہے .
Short Term Entry Permit :-
اس وزٹ ویزا کی مدّت ٣٠ دن ہوتی ہے اور یہ زیادہ سے زیادہ تقریباً ٦٠٠ درہم میں مل جاتا
ہے
Long Term Entry Permit :-
اس وزٹ ویزا کی مدّت ٩٠ دن ہوتی ہے یہ ایشو ہونے میں نسبتاً زیادہ دن مثلا ًایک ہفتہ یا کبھی
کبھار ١5 دن بھی لے لیتا ہے. یہ زیادہ سے زیادہ قریقریباً1800 میں مل جاتا ہے .
میں ذاتی طور پہ جاب ہنٹ کے لئے آنے والوں کو
Long Term Entry Permit ہی تجویز کرتا ہوں کیونکہ روز روز تو انسان اتنا خرچہ کر کے بیرون ملک کا سفر نہیں کر سکتا تو کچھ زیادہ پیسوں میں آپ زیادہ عرصہ قیام کر کے روزگار کے زیادہ بہتر مواقع تلاش کر سکتے ہیں ۔جیسا کہ میں پہلے عرض کر چکا ہوں کہ ۔۔
UAE کی جاب مارکیٹ میں بہت تنوع ہے . اس لحاظ سے مسابقت کا ماحول بھی اتنا ہی شدید ہے جو دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے .لہٰذا یہاں آنے سے پہلے آپ یہ بات ذہن نشین کر لیں کہ آپ ایک انٹرنیشنل مارکیٹ میں جاب کی تلاش میں جا رہے ہیں جہاں آپ جیسے یا آپ سے بہتر لوگ بھی آپ کی ہی فیلڈ میں جاب کی تلاش کے لئے موجود ہوں گے ۔
اس لئے آپ کو سب سے پہلے خود کو دوسروں سے ممتاز کرنا ہے اور اس ضمن میں سب سے پہلا کام اپنی CVکو بہتر کرنا ہے. یقین جانئیے کہ آپکےEmployer کو آپکی Hobbies یا آپ کے شجرہ نسب سے کوئی سروکار نہیں تو ان باتوں کا ذکر چہ معنی دارد….. کوشش کریں کہ اپنیCVمیں اپنی Skillsکو Highlight کریں .اپنیCV کو جتنا مخصر اور جامع کر سکتے ہیں کیجئیے
CVکو منفرد بنانے کے اصول پھر کسی نشست میں تفصیلاً بیان کروں گا ) ۔
UAE ویسے تو سات ریاستوں پر مشتمل ہے لیکن جابز کے مواقع زیادہ تر ابو ظہبی ، دبئی یا پھر شارجہ میں ہی میسر ہیں ان میں سے بھی میں نئے آنے والوں کو زیادہ فوکس ابو ظہبی پہ ہی رکھنے کا مشورہ دوں گا . اسکی وجہ وہاں دبئی کی نسبت Saturation ذرا کم ہے .اور آئل اینڈ گیس کا پورا کارپوریٹ سیکٹر ابو ظہبی میں ہے یہ وہ جاب سیکٹر ہے جو سیلریز اور دیگر سہولیات کے حوالے سے پوری دنیا میں نمایاں اہمیت کا حامل ہے.
اگر آپ دبئی میں رہنا چاہتے ہیں تو کسی ایسی جگہ کا انتخاب کریں جہاں سے آپکو کوئی بھی میٹرو سٹیشن نزدیک پڑے ۔اس طرح آپ پورے سٹی ایریا میں کسی بھی جگہ آسانی سے آ جا سکتے ہیں جاب ہنٹ کے لئے وزٹ پہ دبئی آنے والے زیادہ تر لوگ ڈیرا یا بر دبئی کے ایریاز کو ہی ترجیح دیتے ہیں کہ وہاں سے تقریباً پورے شہر تک با آسانی رسائی ہو جاتی ہے اس ایریا میں آپکو رہنے کے لئے بیڈ سپیس زیادہ سے زیادہ تقریباً ٥٠٠ درہم تک میں مل جاتی ہے .اس کے علاوہ اگر آپ ابو ظہبی رہنا چاہتے ہیں تو وہاں مصفح کا ایریا بہتر آپشن سمجھا جاتا ہے .جو ہے تو سٹی ایریا سے ذرا فاصلے پر لیکن نسبتاً سستا ہے .وہاں پر بھی بیڈ سپیس کا آپشن تقریباً ٥٠٠ درہم تک دستیاب ہوتا ہے .ابو ظہبی میں ٹراولنگ دبی کی نسبت ذرا کم سہل ہے کیوں کہ یہاں میٹرو کا آپشن نہیں ہے اور آپ کو آنے جانے کے لئے لوکل بس کا استعمال کرنا پڑتا ہے ۔
جاب ہنٹ کے لئے آنے والوں کو میں سب سے پہلے یہ مشورہ دیتا ہوں کہ آنے سے پہلے اپنی ٹارگٹڈ جاب مارکیٹ سے متعلق مکمل معلومات لے کر آیئے کہ آپکو کس مارکیٹ کو ٹارگٹ کرنا ہے جو مارکیٹ سگمنٹس ادھر زیادہ تر جاب ہائرنگ کے حوالے سے اہم ہیں ان میں سے چند یہ ہیں جیسے اکاؤنٹس ، مارکیٹنگ ، ہوٹل سیکٹر ، سیلز ، کنسٹرکشن ، ٹیلی کام ، ہیلتھ ، سیکورٹی ، اور سب سے اہم آئل اینڈ گیس سیکٹر ہے ۔آپ اپنی پروفیشنل اور ٹیکنیکل قابلیت اور تعلیمی بیک گراؤنڈ کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنی ٹارگٹ مارکیٹ کا انتخاب کریں اور اس سے متعلق معلومات انٹرنیٹ سے لے لیں کہ آپکی فیلڈ سے ریلٹڈ کون کون سی بڑی کمپنیز کس کس شہر میں آپریٹ کر رہی ہیں ۔انکے ہیڈ آفسز کہاں ہیں اور ان کے ایچ آر کی کنٹیکٹ کی تفصیلات اکٹھی کریں . یہ سب کرنے سے ایک تو یہاں آ کے آپ کے ٹائم کی بچت ہو گی اور آپ فوکسڈ رہیں گے اور دوسرا آپ کسی پہ انحصار کرنے کی بجاۓ خود ہی متعلقہ ڈیپارٹمنٹس میں جا سکیں گے۔
جاب ہنٹ کے لئے UAEپہنچنے سے پہلے آپ کے پاس اپنے ٣٠ یا ٩٠ دن کا پورا پلان ہونا چاہے کہ آپ نے یہ ٣٠ یا ٩٠ دن کیسے استعمال کرنے ہیں . میرے نزدیک آپ اپنے پلان کو تین فیز میں تقسیم کر سکتے ہیں.میرے نزدیک پہلے مرحلے میں آپکو سب سے پہلے بذات خود اپنی ٹارگٹ مارکیٹ کا رخ کرنا چاہیے. یہاں یہ بات ضرور بتاتا چلوں کہ زیادہ تر لوگ یہاں آ کے بھی صرف آن لائن اپلائی کرنے پہ انحصار کرتے ہیں۔جو میرے نزدیک زیادہ مؤثر نہیں.اگر آپ کو یہاں آ کر بھی آن لائن اپلائی کرنا ہے تو یہ کام تو وہاں رہ کر بھی ہو سکتا تھا .لہٰذا کوشش کیجئے کہ خود سے مارکیٹ میں نکلیں. ذاتی طور پہ کمپنیز میں جائیں. اپنی فیلڈ سے ریلیٹڈ کمپنیز کو لوکیٹ کریں انکے ہیڈ آفس کی لوکیشن معلوم کریں اور بذات خود کمپنی میں جا کے اپنی CV کوشش کریں کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ یا شخص کو دیں .اور متعلقہ شخص کی کنٹیکٹ کی تصفیل ضرور لیں تا کہ آپ وقتاً فوقتاً اپنی Cv سے متعلق فالو اپ لے سکیں . اگر آپکی نظر سے کوئی آن لائن جاب گزرے تو اس کمپنی کی تٖصیلات نکال کر بذات خود ادھر جائیں. اس کے ساتھ ساتھ آن لائن ایپلی کیشنز کا سلسلہ بھی جاری رکھیں۔
یہاں میں یہ بات ضرور کرتا چلوں کہ اپنے اندر اپنی جاب کے حوالے سے تھوڑی لچک ضرور رکھیں . ہمارے یہاں سے آنے والے نوجوان اپنی جاب پلیسمینٹ کے حوالے سے اتنے Flexible نہیں ہوتے جتنا انہیں ہونا چاہیے ۔
مثال کہ طور پر اگر میں نے ایم بی اے کیا ہوا ہے تو میری کوشش یہ نہیں ہونی چاہیے کہ مجھے جہاں جاب ملے وہاں ساتھ میں اک آفس اور گھومنے والی کرسی بھی چاہیے. ابتدا میں آپکو بہت سے کمپرو مائز کرنے پڑتے ہیں .یہ بالکل ایسے ہی ہے کہ چھت تک پہنچنے کے لئے سیڑھی پہ پہلا قدم رکھنا پڑتا ہے. اگر آپکو اپنی فیلڈ سے ریلیٹڈ جاب آفر ہو رہی ہے لیکن تنخواہ اور دیگر سہولیات ویسی نہیں ہیں جیسی آپ نے سوچی اور آپ کے پاس اس سے بہتر کوئی اور آپشن بھی نہیں ہے تو بجاۓ وقت ضائع کرنے اور بہتر سے بہتر کی تلاش کے آپ اس آفر کو Avail کریں . کیوں کہ اگر آپ اس سے فائدہ نہیں اٹھائیں گے تو آپ کی جگہ لینے کے لئے اور بہت سے لوگ موجود ہوں گے . کوشش کیجئے کہ ایک دفعہ ایڈجسٹمنٹ ہو جاۓ اس کے بعد آپ بیشک بہتر کی تلاش جاری رکھئیے. (یو اے ای میں کچھ عرصہ پہلے لیبر بین ختم کر دیا گیا ہے لہٰذا اگر آپ کو کوئی بہتر آپشن ملتا ہے تو آپ بلا جھجھک اپنی جاب سوئچ کر سکتے ہیں ).
جاب مارکیٹ میں پاکستانیوں کی شرح کم ہونے کی اک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم اپنے خود ساختہ بناۓ ہوئے معیار پر سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہوتے .اس بات سے بےخبر کے گلوبل مارکیٹ بہت سنگ دل ہوتی ہے . اس کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ ہماری جگہ پر کوئی انڈین یا فلپاینی اسی تنخواہ پہ کام کرنے کے لئے رضا مند ہو جاتا ہے اور کچھ عرصہ کی محنت کے بعد اسی کمپنی میں اک اچھی پوسٹ پہ آپکو ملتا ہے . لہٰذا آپ بلا شبہ بہتر سے بہتر کی تلاش جاری رکھیں لیکن ہاتھ آے موقع کو مت گنوایں۔
دوسرے مرحلے میں آپ جاب پلیسمینٹ کے سلسلے میں ریکروٹمنٹ ایجنسیز سے رابطہ کر سکتے ہیں . یو اے ای میں جاب پلیسمینٹ کے حوالے سے لا تعداد ریکروٹمنٹ ایجنسیز کام کر رہی ہیں .
لیکن ہمیشہ کسی مستند ایجنسی کے پاس جائیں. نو سر بازوں سے بچیں. فارمز کی مد میں بہت سی کمپنیز آپ سے ٢٠٠ سے ٥٠٠ درہم طلب کرتی ہیں میں ایسی کسی بھی کمپنی کو تجویز نہیں کرتا .اس کی بجاۓ بہت سی کمپنیز ہیں جو آپ سے فارمز یا کسی اور مد میں کوئی پیسہ نہیں لیتے لیکن بعض اوقات کچھ کمپنیز آپ کی جاب پلیسمینٹ کروانے کے بعد آپ کی پہلی تنخواہ کا نصف لیتی ہیں جو میرے نزدیک اک معقول بات ہے اور ویسے بھی مارکیٹ میں یہ نارمل پریکٹس سمجھا جاتا ہے (ایسی کمپنیز کی لسٹ آپ مجھ سے لے سکتے ہیں .کیوں کہ بلاگ اتنی طوالت کا متحمل نہیں ہو سکتا .)
یہاں یہ بات بھی غور طلب ہے کہ یو اے ای کے قوانین کے مطابق کوئی بھی کمپنی یا فرد آپ سے ویزا کی مد میں کوئی پیسہ نہیں طلب کر سکتا. یہ غیر قانونی ہے ۔
اگر آپ دونوں آپشنز یعنی ڈائریکٹ کمپنیز اور ریکروٹمنٹ کمپنیز والا آپشن ٹرائی کر چکے ہیں تو اگلے مرحلے میں آپ یو اے ای میں موجود مین پاور سپلائی والی کمپنیز کو ٹارگٹ کریں .اس سیکٹر میں بھی جابز کے کافی چانسز ہوتے ہیں .ان کو تھرڈ پارٹی ہائرنگ بھی کہا جاتا ہے . یہ کمپنیز لوگوں کو اپنے طور پہ ہائر کرتی ہیں اور پھر انھیں آگے مختلف کمپنیز میں ان کے پورٹ فولیو کے مطابق تعینات کر دیا جاتا ہے . لیکن آپ کے پاس ویزا اور دیگر سہولیات آپکی پیرنٹ کمپنی کی ہی ہوتی ہے اور آپ ان کے پے رول پہ ہی رہتے ہیں لیکن کام آپ کسی دوسری فرم کے ساتھ کرتے ہیں . یہ کمپنیز آفس بوائز سے لے کر ڈاکٹرز اور انجینئرز تک ہائر کرتے ہیں (ایسی کمپنیز کی لسٹ انٹرنیٹ سے با آسانی مل سکتی ہے یا آپ مجھ سے بھی طلب کر سکتے ہیں ) ہائرنگ کا یہ طریقہ فی زمانہ یہاں بہت مقبول ہے اور بہت سے بڑے گروپس بجاۓ ڈائریکٹ ہائرنگ کے تھرڈ پارٹی سے اپنی مین پاور کی ضروریات کو پورا کر لیتی ہیں ۔
یہاں میں کچھ ذکر ان دوستوں کے بارے میں بھی ضرور کرنا چاہوں گا جو روایتی تعلیم سے محروم ہیں لیکن جاب سرچ کے لئے یو اے ای آنا چاہتا ہیں .ایسے دوستوں کو میرا مشورہ ہے کہ آپ آنے سے پہلے کوئی ہنر ضرور سیکھ لیجئے . یہ نہ صرف یہاں بلکہ زندگی کے ہر مقام پہ آپکو فائدہ دے گا . آپ آنے سے پہلے کوئی بھی ٹیکنیکل ڈپلوما یا سرٹیفکیٹ ضرور حاصل کریں . جیسے الیکٹریکل ، سول ، اے سی ریپیرنگ ، موبائل ریپیرنگ وغیرہ وغیرہ. سکلڈ لوگوں کی اس مارکیٹ میں بہت طلب ہے . اگر آپ کسی بھی فیلڈ میں تکنیکی مہارت رکھتے ہیں تو آپ کو تھوڑی سی کوشش کے بعد اچھی جاب ضرور مل جاتی ہے .جو دوست باقاعدہ ڈگری ہولڈرز ہیں وہ آنے سے پہلے اپنی ڈگریز کو فارن آفس اور یو اے ای ایمبیسی سے اٹیسٹ ضرور کروا کے لائیں۔
چلتے چلتے یہ بھی بتاتا چلوں کے یو اے ای میں دو طرح کے لیبر کنٹریکٹ آفر ہوتے ہیں ایک
limited
اور دوسرا
Unlimited
ہوتا ہے .کوشش کیجئے کہ آپ
Unlimited
کے لئے اصرار کریں اس کے فائدے لمیٹڈ کی نسبت زیادہ ہوتے ہیں .
آخر میں بس یہ ضرور کہنا چاہوں گا کہ اگر آپ فی الوقت کوئی جاب کر رہے ہیں تو کوشش کریں کہ چھٹی لے کر آئیں یا کسی مناسب وقت کا انتظار کر لیں. خدارا جاب چھوڑ کے یا کشتیاں مت جلا کر آئیں.اگر آپ کا رزق یہاں لکھا ہوا ہے تو کوئی نہ کوئی سبب بھی ضرور بن جاۓ گا . اگر فی الوقت ایسا نہیں بھی ہوتا تو بھی گھبرایے مت اور اسے الله کی رضا سمجھتے ہوئے سر تسلیم خم کر لیں اور اسکی رضا میں راضی رہیے.خدا ہم سب کا حامی و ناصر ہو .
(اگر کسی دوست کو یو اے ای میں جاب ہنٹ کے حوالے سے کوئی معلومات درکار ہوں تو میں حاضر ہوں )

Facebook Comments

راحیل اسلم
گزشتہ کئی سالوں سے یو اے ای میں مقیم ہوں.ہیومن ریسورس کی فیلڈ سے وابستہ ہوں.ادب کا اک ادنیٰ سا طالب علم ہوں اور الله کی خاص رحمت سے نثر اور شعر میں طبع آزمائی کرتا رہتا ہوں..

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply