ترک صدر رجب طیب اردوان نے نومنتخب اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو باور کرایا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات باہمی احترام کی سطح پر ہی قائم ہونے چاہئیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم سے ٹیلیفون پر گفتگو میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ ترک اسرائیل تعلقات باہمی احترام اور دلچسپی کی بنیادوں پر ہونے چاہئیں۔
اسرائیلی وزیراعظم کی جماعت کے مطابق بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے ترک اسرائیل تعلقات کے نئے دور کا آغاز کرنے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماؤں نے معاشی و سفارتی تعلقات کی مضبوطی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور اسرائیل کے درمیان ایک دہائی سے زائد عرصے کے کشیدہ تعلقات میں رواں برس بہتری آئی ہے، دونوں ملکوں کے تعلقات 2010 میں غزہ میں امدادی بحری جہاز پر اسرائیلی حملے میں10 ترک شہریوں کی ہلاکت پر خراب ہوگئے تھے۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں