• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • تائیون ریڈلائن ہے، عبور نہیں ہونی چاہیے، شی جن پنگ: ہم تنازع نہیں چاہتے، بائیڈن

تائیون ریڈلائن ہے، عبور نہیں ہونی چاہیے، شی جن پنگ: ہم تنازع نہیں چاہتے، بائیڈن

بالی: چین کے صدر شی جن پنگ نے امریکی صدر جوبائیڈن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تائیوان پہلی ریڈ لائن ہے، عبور نہیں ہونی چاہیے۔

عالمی خبر رساں ایجنسیوں اور مؤقر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ کے مطابق چینی صدر نے اپنے ہم منصب امریکی صدر سے یہ بات اس وقت کہی جب دونوں رہنماؤں کے درمیان انڈونیشیا کے علاقے بالی میں ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہے اورایک ایسے وقت میں ہوئی ہے کہ جب تائیوان سمیت کئی دیگر ایشوز پر واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تنازعات میں عالمی سطح پر شدت محسوس کی جا رہی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ اور امریکی صدر جوبائیڈن کے درمیان جی 20 کانفرنس کے موقع پر سائیڈ لائن پہ ہونے والی ملاقات تقریباً تین گھنٹے تک جاری رہی۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے اپنے امریکی ہم منصب سے واضح طور پر کہا کہ تائیون پہلی ریڈلائن ہے، عبور نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں ںے تائیوان کے مسئلے کو چین امریکہ کے درمیان تعلقات کی بنیاد بھی قرار دیا۔

صدر جوبائیڈن نے امریکی صدارت کا منصب سنبھالنے کے بعد شی جن پنگ سے ہونے والی پہلی بالمشافہ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ کوئی تنازع نہیں چاہتا، میرے خیال میں چین تائیوان پر حملہ نہیں کرے گا، چین کے ساتھ تمام مسائل حل نہیں ہوئے ہیں لیکن نئی سرد جنگ شروع نہیں ہورہی ہے اور چین کے صدر کئی امور پر سمجھوتے کے لیے بھی تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ انہوں نے کھل کر بات چیت کی، ان موضوعات کا بھی احاطہ کیا جس پر واشنگٹن اور بیجنگ متفق نہیں ہیں لیکن وہ اور شی جن پنگ فی الحال درپیش مسائل کو حل کرنے کے قریب نہیں آئے ہیں جب کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت کچھ زیادہ خوشگوار نہیں ہیں۔

ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں امریکی صدر نے کہا کہ شی جن پنگ بھی واضح تھے اور میں بھی واضح تھا کہ ہم امریکی مفادات و اقدار کا دفاع کریں گے، عالمی انسانی حقوق کو فروغ دیں گے، بین الاقوامی نظام کے لیے کھڑے ہوں گے اور اپنے اتحادیوں و شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

صدر جوبائیڈن نے اس موقع پر اعلان کیا کہ ان کے سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن چین کا دورہ کریں گے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جوبائیڈن اور شی جنگ پنگ کے درمیان ہونے والی ملاقات کی بابت وائٹ ہاؤس نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر نے انسانی حقوق اور تائیوان کے گرد چین کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔

Advertisements
julia rana solicitors london

وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں صدور نے یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جوہری ہتھیاروں کی جنگ کبھی نہیں لڑی جانی چاہیے اور نہ ہی وہ جیتی جا سکتی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply