ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمن کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں آئرلینڈ ویمن کو ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں قومی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے دیے گئے 136 رنز کے ہدف کو آئرلینڈ کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 18 اعشاریہ 4 اوورز میں حاصل کر لیا۔آئرش ویمن کی کیبی لوئس 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار ، نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 61 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ عالیہ ریاض نے 24 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ندا ڈار نے 37 گیندوں پر 1 چھکا اور 7 چوکوں کی مدد سے ففٹی بنائی۔ ندا ڈار کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ ساتویں نصف سنچری تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے آئرلینڈ ویمن ٹیم کو تین ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کیا تھا ۔
Facebook Comments
بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں