• صفحہ اول
  • /
  • خبریں
  • /
  • پنجاب:ظالم مالکان کے قبضے سے زنجیروں میں جکڑی ملازمہ بازیاب

پنجاب:ظالم مالکان کے قبضے سے زنجیروں میں جکڑی ملازمہ بازیاب

صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد کی مدینہ ٹاؤن پولیس نے ایڈن ویلی کے علاقے سے مالکان کے قبضے سے 9سالہ گھریلو ملازمہ کو چھڑا لیا جسے زنجیروں میں جکڑ کر رکھا گیا تھا تاکہ کام چھوڑ کر جانے سے روکا جا سکے۔

فیصل آباد سٹی پولیس افسر (سی پی او) عمر سعید ملک نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال آئی تھی جس میں بتایا گیا کہ ایڈن ویلی کے علاقے میں گھر کے مالکان نے کم عمر ملازمہ کو زنجیروں سے جکڑ رکھا ہے اوربچی کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پولیس کو اطلاع ملنے کے بعد سٹی پولیس افسر نےایس پی مدینہ ٹاؤن اور ڈی ایس پی پیپلز کالونی کو گھر میں چھاپہ مارکر ملازمہ کو بازیاب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر بچی کو زنجیروں سے چھڑایا اور گھر کے مالکان کو گرفتار کیا، گرفتار افراد میں آصف اور ان کی اہلیہ عالیہ بی بی شامل ہیں۔

پولیس نے مزید بتایا کہ گھر کے مالکان کے خلاف چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفئیر بیورو (سی پی ڈبلیو بی) کی افسر روبینہ اقبال چیمہ کی شکایت پر تعزیرات پاکستان (پی پی سی) کی دفعہ 328 اے، 344 اور 34 اور پنجاب کے بے سہارا اور نظر انداز بچوں کے ایکٹ 2004 کی دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق کم عمر ملازمہ ماریا بی بی کا تعلق جڑانوالہ کے علاقہ چک 40 جی بی سے ہے اور ان کے والد کا نام اللہ دتہ ہے، 9سالہ ماریا کی والدہ رسولاں بی بی نے ایک سال قبل کم عمر بچی کو 2 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ پر گھریلو ملازم کے طور پر ملازمت کے لیے مالکان کے حوالے کیا تھا۔

ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا کہ مالکان کم عمر بچی کو بغیر کسی وجہ کے شدید تشدد کا نشانہ بناتے اور گرم چھری سے جسم کے مختلف حصوں کو جلادیا تھا۔

شکایت گزار کے مطابق اس کے علاوہ بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر پرانے اور تازہ زخم اور تشدد کے نشانات پائے گئے جبکہ بچی کے گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد کر کے اُسے زنجیروں سے باندھ دیا گیا تھا۔

بچی کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Advertisements
julia rana solicitors london

سی پی او کا کہنا تھا کہ مالکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔

Facebook Comments

خبریں
مکالمہ پر لگنے والی خبریں دیگر زرائع سے لی جاتی ہیں اور مکمل غیرجانبداری سے شائع کی جاتی ہیں۔ کسی خبر کی غلطی کی نشاندہی فورا ایڈیٹر سے کیجئے

بذریعہ فیس بک تبصرہ تحریر کریں

Leave a Reply